صلہ رحمی کا سلوک

صبا اورحنا کی گہری دوستی تھی، پر حنا کی ایک بہت بری عادت تھی وہ پرندوں اور جانوروں کو بہت تنگ کرتی تھی۔ حنا کے گھر والے بہت پریشان تھے، اور اسے سمجھاتے تھے کہ پرندوں اور جانوروں کو تنگ مت کیا کرو۔

ایک دن حنا نے جگنو پکڑ لیا اور تھیلی میں قید کرلیا اور صبا کو پکڑاد یا کہ وہ اسے اپنے پاس رکھ لے۔ اگر حنا کی امی کو پتہ لگ گیا تو وہ اسے بہت ڈانٹیں گی۔ حنا کے جاتے ہی صبا نے جگنو کو آزاد کردیا۔ اسی شام کھیلتے کھیلتے صبا اور حنا گھر سے کافی دور نکل گئی۔ اس وقت اندھیرا ہوچکا تھا۔ اس لئے گھبراہٹ میں وہ گھر کا راستہ بھول گئیں۔ دونوں پریشانی کے عالم میں ادھر ادھر بھٹک رہی تھیں کہ انہیں ایک جگنو اپنی جانب آتا دکھائی دیا۔ جگنو انہیں روشنی دکھاکر اس انداز میں آگے چلنے لگا گویا وہ انہیں راستہ دکھارہا ہو۔ یہ دیکھ کر حنا بے حد شرمندہ ہوئی اور آئندہ تمام پرندوں کے ساتھ صلہ رحمی کا سلوک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔