صفیہ زبیر کی بی جے پی امیدوار کیخلاف شاندار کامیابی

n راجستھان اسمبلی میں کانگریس کو ایک اور کامیابی، ارکان کی سنچری مکمل
n عوام کا پارٹی پر پھربھروسہ : سچن پائیلٹ

جئے پور ۔31جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) صفیہ خان کی بی جے پی امیدوار کے خلاف 12ہزار سے زائد ووٹوں کی شاندار کامیابی کے بعد راجستھان میں برسراقتدار کانگریس کی اسمبلی میں ارکان کی تعداد کی سنچری نہ صرف مکمل ہوئی بلکہ پارٹی نے یہاں اپنے موقف کو مزید مستحکم کرلیا ہے ۔ راجستھان کے ضلع الور کے رام گڑھ اسمبلی نشست پر منعقدہ ضمنی انتخابات میں کانگریس کی امیدوار صفیہ خان نے اپنے نزدیکی حریف بی جے پی کے امیدوار سکھونت سنگھ کو 12,228 ووٹوں سے شکست دی ہے ۔ ریاستی الیکشن شعبہ کے عہدیداروں کے بموجب ریاست میں ہوئے ضمنی انتخابات میں صفیہ زبیر نے 44.77فیصد ووٹ حاصل کئے ہیں جبکہ ان کے قریبی حریف بی جے پی کے سکھونت سنگھ کو 38.20 ووٹ حاصل ہوئے ہیں ۔ رام گڑھ اسمبلی نشست کے نتائج کا اعلان کرنے کے بعد راجستھان میں کانگریس کے اسمبلی ارکان کی تعداد 100ہوچکی ہے ۔ جب کہ راشٹریہ لوک دل ( آر ایل ڈی ) کے ارکان کی تعداد صرف ایک ہے جب کہ بی جے پی کو راجستھان اسمبلی میں 73 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ الیکشن شعبہ کے عہدیداروں نے ضمنی انتخابات کے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی امیدوار صفیہ زبیر نے بی جے پی کے حریف کو 12,228ووٹوں سے شکست دی ۔ 28جنوری کو منعقد ہوئے ان انتخابات میں 20امیدواروں نے اپنی قسمت آزمائی تھی، جس میں بہوجن سماج پارٹی ( بی ایس پی ) کے امیدوار جگت سنگھ کے بشمول 18 امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوگئیں ۔ جگت سنگھ سابق مرکزی وزیر نٹر سنگھ کے بیٹے ہیں ۔ یہاں کے انتخابات کے نتائج میں دلچسپ پہلو ناٹو کا بھی رہا جس میں 241رائے دہندوں نے انتخابات کے میدان میں کھڑے امیدواروں کے خلاف اپنا عدم بھروسہ ظاہر کیا ۔ اس کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے راجستھان کانگریس کے صدر اور ڈپٹی چیف منسٹر سچن پائیلٹ نے کہا کہ یہ نتائج عوامی اعتماد کے ترجمان ہے کیونکہ راجستھانی عوام نے پھر ایک مرتبہ کانگریس پر اپنا بھروسہ دکھایا ہے ۔ ریاست میں حکومت کی تشکیل کے بعد یہ پہلے انتخابات تھے جس کے نتائج میں جہاں ایک جانب راجستھانی عوام کا نگریس پر اعتماد اور بی جے پی سے بیزارگی کا ثبوت دیا ہے تو دوسری جانب یہ عوام کی کامیابی ہے ۔ رام گڑھ نشست پر 2013ء میں جب ریاستی انتخابات ہوئے تھے تو یہاں بی جے پی نے کامیابی حاصل کی تھی ۔ یاد رہے کہ 7ڈسمبر کو راجستھان میں اسمبلی انتخابات منعقد ہوئے تھے لیکن یہاں بی ایس پی کے امیدوار کی موت کے بعد انتخابات کو معطل کردیا گیا تھا ۔