نئی دہلی ۔ 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صفدرجنگ ہاسپٹل کی نئی او پی ڈی بلڈنگ میں آج آتشزدگی کے نتیجہ میں دو ریسیڈنٹ ڈاکٹروں اور ایک نرسنگ آفیسر کو جلنے کے زخم آئے۔ دواخانہ کے انتظامیہ نے حادثہ کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق نئی او پی ڈی بلڈنگ کی چوتھی منزل پر آئی آپریشن تھیٹر میں معمول کی سرجری کے دوران آگ لگ گئی۔ یہ واقعہ دوپہر 12 بجے پیش آیا۔ ایک پی جی ریسیڈنٹ ڈاکٹر (26 سال)، ایک سینئر ریسیڈنٹ ڈاکٹر (30) اور نرسنگ آفیسر (33) زخمی ہوئے ہیں۔
ڈی یو الیکشن میں اے بی وی پی کامیاب
نئی دہلی ۔ 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اے بی وی پی جو راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ کا اسٹوڈنٹ ونگ ہے، آج اس نے دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین (ڈی یو ایس یو) کے انتخابات میں صدر کے بشمول تین عہدے حاصل کرلئے۔ کانگریس کے اسٹوڈنٹ ونگ این ایس یو آئی کو صرف ایک نشست ملی۔ اے بی وی پی کے انکیو باسویا نے 1744 ووٹ کے فرق سے صدارتی عہدہ جیتا جبکہ پارٹی کے امیدوار شکتی سنگھ نے 7673 ووٹوں کے فرق سے نائب صدر کا الیکشن جیتا ۔ این ایس یو آئی کے آکاش چودھری سکریٹری منتخب ہوئے۔