حیدرآباد ۔ 5 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : چیرمین قومی صفائی کرمچاری کمیشن مسٹر ایم شیوانا نے کہا کہ ملک میں 1993 سے بیت الخلاؤں کی صفائی کا کام ( اسکاوینجنگ ) پر پابندی عائد ہے ۔ اس کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے مرتکب افراد کو ایک تا 5 سال قید کی سزا کے علاوہ 5 لاکھ روپئے تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔ وہ آج دفتر جی ایچ ایم سی میں صفائی کرمچاریوں کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی پروگراموں سے متعلق منعقدہ جائزہ اجلاس کو مخاطب کررہے تھے ۔ اجلاس میں کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر سومیش کمار نے بھی شرکت کی ۔ مسٹر ایم شیوانا نے کہا کہ ہمارے ملک کو آزادی کے 7 دہے تکمیل ہونے جارہے ہیں اس کے باوجود بعض علاقوں میں صفائی پیشہ پر تکیہ کر کے زندگی گذارنا انتہائی معیوب بات ہے ۔ جب کہ پیشہ صفائی کے خاتمہ کے لیے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے بے شمار فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ صفائی کرمچاریوں کے بچوں کو اعلی تعلیم دلوانے کی غرض سے زائد از 30 لاکھ روپئے تک کی معاشی امداد دی جارہی ہے ۔ کمشنر نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی میں برسر خدمت 353 صفائی کرمچاریوں کو متبادل روزگار کی راہ ہموار کی گئی ہے اور جی ایچ ایم سی میں کام کرنے والے ہر صفائی ورکر کو ماہانہ فی کس 12500 تنخواہ دی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ فی الوقت جی ایچ ایم سی میں 3485 صفائی ورکرس کو مستقل ملازمت ہے جب کہ مزید 18382 صفائی ورکرس اوٹ سورسنگ کے تحت کام کررہے ہیں ۔ جنہیں پراویڈنٹ فنڈ ، انشورنس کی سہولت مہیا کی گئی ہے ۔۔