نئی دہلی 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے شہر کے قلب میں واقع مندر مارگ پولیس اسٹیشن کا اچانک دورہ کرکے ہر ایک کو حیران کردیا۔ وہ یہاں پر پولیس اسٹیشن کے احاطہ میں صفائی کا انتظام دیکھنے کے لئے آئے ہوئے تھے۔ اُنھوں نے پارکنگ کے علاقہ میں پھینکا ہوا کچرا جھاڑو دے کر صاف کیا۔ مہاتما گاندھی اور سابق وزیراعظم لال بہادر شاستری کی یوم پیدائش تقریب پر ان دونوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد نریندر مودی والمیکی بستی جارہے تھے جبکہ اُنھوں نے پولیس اسٹیشن پر اپنا قافلہ روک دیا اور احاطہ میں داخل ہوکر اپنے ہمراہیوں کو بھی حیران کردیا۔ اُن کے حفاظتی انتظامات کے لئے تعینات ارکان عملہ بھی اُن کے اِس اقدام پر حیرت زدہ رہ گئے۔ وزیراعظم نے پولیس اسٹیشن کے معائنے میں 15 منٹ صرف کئے۔ ملازمین پولیس سے بات چیت کی اور اُن پر صفائی کی اہمیت واضح کی۔ جب اُنھیں پارکنگ کے علاقہ میں کچرا نظر آیا تو اُنھوں نے ایک جھاڑو اُٹھاکر وہاں صفائی کردی۔ بعدازاں وہ والمیکی بستی پہونچے جہاں اُنھوں نے کلین انڈیا مہم کا راج پتھ پر آغاز کرنے سے پہلے کچھ دیر جھاڑو دی۔ بعدازاں مودی نے ٹوئٹر پر تحریر کیاکہ اُنھوں نے مندر مارگ پولیس اسٹیشن پر سوچھ بھارت مہم میں شرکت کی ہے۔