صرف ستائش ہی نہیں صلہ بھی چاہئے

بینک ملازمین کو اوور ٹائم ادا کرنے کا مطالبہ
نئی دہلی۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نوٹ بندی کے نفاذ کے دوران سخت محنت کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے بینک ملازمین کی ستائش کئے جانے کے ایک دن بعد بینک یونین نے یہ مطالبہ کیا ہے کہ اسٹاف کو اضافی خدمات کے عوض اضافی اجرت (اوور ٹائم) ادا کی جائے۔ جنہوں نے نوٹ بندی کے آغاز سے 30 ڈسمبر تک اوقات کار سے زیادہ کام کیا ہے۔ بھارتیہ مزدور سنگھ سے ملحقہ نیشنل آرگنائزیشن آف بینک ورکرس نے وزیراعظم کو موسومہ ایک مکتوب میں کہا ہے کہ گزشتہ 50 دنوں میں بینک ایمپلائز نے 12 تا 18 گھنٹے کام کیا ہے لیکن صرف چند ایک بینکس نے ہی انہیں اضافی اجرت (اوور ٹائم) ادا کیا ہے۔ بینک یونین نے وزیراعظم سے گزارش کی ہے کہ مینجمنٹ کو یہ ہدایت دی جائے کہ مقررہ اوقات کار سے زائد خدمات انجام دینے والے ملازمین کو اضافی اجرت ادا کی جائے۔ بینکوں میں نئے تقررات کے عمل میں تیزی پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہیکہ تمام اسکیمات پر عمل آوری کے لئے ملازمین کی قلت پائی جاتی ہے۔ یونین کے نائب صدر اشونی رانا نے بینک ملازمین کی تنخواہوں پر نظرثانی اور انہیں سرکاری ملازمین کے مماثل قرار دینے کا بھی مطالبہ کیا۔