مرکزی مملکتی وزیر سائنس اینڈ ٹکنالوجی وائی ایس چودھری کا بیان
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اکٹوبر : ( پی ٹی آئی ) : مرکزی وزیر مملکت برائے سائنس اینڈ ٹکنالوجی وائی ایس چودھری نے آج کہا کہ وہ ایسا ایک انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کے خواہاں ہیں جو صرف ریسرچ پر توجہ دے گا اور اس کے اثر سے عوام کی مدد بھی ہوگی ۔ پی ٹی آئی کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ’ آج میری بڑی توجہ اور خواہش ایک انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کی ہے جو صرف ریسرچ پر توجہ دے گا جس کا اثر دنیا میں ہوگا اور ہندوستانی ریسرچ کے تصور کو تبدیل کرنا ہے ‘ ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ہمیشہ اس بات پر حیرت ہوتی ہے کہ ہندوستان میں رہنے والے اور ہندوستان میں کام کرنے والے کسی شخص کو سائنس کے زمرہ میں نوبل انعام کیوں حاصل نہیں ہوتا ہے حالانکہ ملک میں باصلاحیت لوگوں کی کافی تعداد پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ سوچتے ہیں کہ کسی ہندوستانی اور ہندوستان میں کام کرنے والے کسی شخص کو فزیکس ، کیمسٹری ، میاتھس کے سائنس زمرہ میں نوبل انعام کیوں حاصل نہیں ہوتا ہے جب کہ ہمارے پاس بڑے سائنس دان ہیں ۔ اچھے اسکولس ہیں ۔ گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کے بڑے بڑے ادارے ہیں ، اور ہمارے پاس ریسرچ کے معیاری ادارے ہیں ۔ اور ہمارے پاس کئی ایسی مثالیں ہیں کہ ہندوستانی نژاد اور تعلیم یافتہ سائنس دان امریکہ میں ان کے کام سے نوبل لاریٹس بن رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت کی یہ کوشش ہے کہ سائنس اینڈ ٹکنالوجی ، ریسرچ اینڈ انویشن ، میں تبدیلی لانا اور انٹرپرینئر شپ کو فروغ دینا ہے تاکہ جابس کے مواقع پیدا ہوں ۔۔