صرف دس روپیوں میں دو وقت کا کھانا سیوا بھارتی ٹرسٹ کی خصوصی پیشکش

حیدرآباد ۔ 15 ۔ جون : ( پریس نوٹ) : سیوا بھارتی نامی ٹرسٹ سرکاری دواخانوں سے علاج کے خاطر رجوع ہونے والے مریضوں کو صرف دس روپیوں میں دو وقت کا کھانا مہیا کررہا ہے ۔ سکریٹری سیوا بھارتی مسٹر نرسمہا مورتی کے بموجب ٹرسٹ کا قیام سال 2013 میں اس وقت کیا گیا جب سابق سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہاسپٹل نے مریضوں کے لیے ایک شلٹر قائم کرنے کا مشورہ دیا تھا ۔ جس کے اندرون تین ماہ ٹرسٹ کے ذریعہ شلٹر تو قائم کیا گیا تھا تاہم اس میں صرف 10 افراد کے قیام کے ہی گنجائش تھی تاہم اب مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس کی گنجائش 250 افراد تک کی گئی ہے ۔ جہاں سے اب اسی تعداد میں لوگ بھر پور استفادہ کررہے ہیں ۔ اس طرح ہفتہ میں تقریبا 7 ہزار افراد کی مدد کی جارہی ہے ۔ اس طرح ٹرسٹ نے اپنی خدمات میں مزید توسیع دیتے ہوئے آج سے ناشتہ فراہم کرنے کا بھی آغاز کیا ہے ۔ یہ خدمات ایسے افراد کو ہی فراہم کی جارہی ہے جو دور دراز علاقوں سے شہر کے سرکاری دواخانوں سے علاج کیلئے رجوع ہوتے ہیں ۔ وزیٹر شلٹر کی وجئے لکشمی نے بتایا کہ وہ راموجی فلم سٹی سے تعلق رکھتی ہیں ۔ ان کا فاصلہ کافی طویل رہنے کی وجہ سے وہ یہاں قیام پذیر ہیں چونکہ وہ کمر درد کا علاج کرارہی ہیں ۔ ڈاکٹر نے مسلسل ادویات کے استعمال کے ساتھ ساتھ آرام کا مشورہ دیا ہے ۔ ڈاکٹرس کے مشورہ سے وہ پریشان حال تھی کہ وہ کس طرح آرام کریں لیکن ٹرسٹ ان کے لیے مددگار ثابت ہورہا ہے ۔ وہ کسی ہوٹل میں قیام کی استطاعت نہیں رکھتی ہیں اس طرح ان کے لیے آرام کے ساتھ کھانا میسر ہے جس سے وہ کافی خوش ہیں ۔۔