صرف انتخابات میں نظر آنے والوں کو عوام مسترد کردیں گے

بلدی حلقہ جات اعظم پورہ و اکبر باغ میں انتخابی جلسے ، امجد اللہ خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : جناب امجد اللہ خاں خالد ( سابق کارپوریٹر اعظم پورہ ڈیویژن ) نے کہا کہ اب عوام میں سیاسی شعور بیدار ہوچکا ہے ۔ اب وہ جان چکے ہیں کہ صرف انتخابی میں ہی ووٹ مانگنے کے لیے آنے والوں کو مسترد کردیں گے ۔ حقیقی عوامی نمائندوں کو ہی عوام کامیاب کریں گے ۔ صرف انتخابات میں نظر آنا اور پھر 5 سالوں تک عوام کے درمیان سے غائب ہوجانا یہ مجلس کے منتخبہ نمائندوں کا وطیرہ بن چکا ہے ۔ انتخابات میں مذہبی جذبات کو بھڑکانا قوم و ملت کا واسطہ دے کر اپنے ذاتی مفادات حاصل کرنا ، ان کا قدیم حربہ ہے ۔ گذشتہ 40 سالوں سے یہ سلسلہ جاری ہے ، لیکن اس بار عوام انہیں سبق سکھائیں گے ۔ جناب امجد اللہ خاں خالد نے کل شام دو انتخابی جلسوں میں جو وارڈ آفس اعظم پورہ بلدی حلقہ اعظم پورہ میں اور دوسرا جلسہ روبرو ڈائمنڈ اپارٹمنٹ سپوٹہ باغ بلدی حلقہ اکبر باغ میں اپنے خصوصی خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ میں رائے دہندوں سے اپنی بہترین کارکردگی کے عوض ووٹ طلب کررہا ہوں ۔ جس کا میں حقدار ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ میں تو ایک ادنیٰ کارپوریٹر ہوں اس کے باوجود شہر حیدرآباد میں جب بھی اور جہاں بھی مسلمانوں پر ظلم ہوتا چاہے وہ پولیس کا ظلم ہو یا حکومت کا میں حلقہ اور عہدہ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مظلوم کی مدد کرتا ہوں ۔ جناب مجید اللہ خاں المعروف فرحت خان انجینئر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم قیادت کا دعویٰ کرنے والے 12 فیصد تحفظات پر خاموش کیوں ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ شمس آباد ایرپورٹ کی تعمیر کے وقت مسجد عمر فاروقؓ جہاں 70 سالوں تک مسلمان نماز ادا کرتا رہا ، اس قدیم مسجد کو شہید کردیا گیا جس کے خلاف مجلس بچاؤ تحریک نے احتجاج کیا ۔ منتخبہ نمائندے خاموش رہے ۔ جناب فرحت خاں نے کہا کہ اتحاد کی بات کرنے والے جب عمل کا وقت آتا ہے تو راہ فرار اختیار کرتے ہیں ۔ ان انتخابی جلسوں کو جناب اجم الدین فاروقی ، جناب الطاف نصیب خاں ، جناب سید موسیٰ مہدی ، جناب عبدالقادر ساجد ، میر بشارت علی ، عبدالباسط کے علاوہ دیگر مجلس بچاؤ تحریک کے قائدین نے مخاطب کیا ۔
سابق کارپوریٹر مجلس بچاؤ تحریک اعظم پورہ ڈیویژن جناب امجد اللہ خان خالد کا خصوصی خطاب ہوگا۔ عوام سے ان جلسوں میں کثیر تعداد میں شرکت کی خواہش کی گئی ہے۔ ان جلسوں کے اوقات بعد مغرب تا 10 بجے شب ہوں گے۔