کیف؍ واشنگٹن۔ 23؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ یوکرین کے صدر وکٹر یانوکووچ لاپتہ ہوگئے ہیں۔ ایک دن قبل وہ کیف سے روانہ ہوئے تھے اور ان کی کٹر حریف یولیا تیموشنکوف کو جیل سے رہا کردیا گیا تھا اور وہ کیف واپس آچکی ہیں۔ انھوں نے ایک زبردست جلسہ عام سے خطاب کیا جس میں ان کے بے شمار حامی موجود تھے۔ یوکرین کے خبر رساں اداروں نے نائب سربراہ سرکاری سرحدی خدمات کے حوالہ سے خبر دی ہے کہ سابق صدر وکٹر یانوکووچ ایک چارٹرڈ طیارہ کے ذریعہ بیرون ملک سفر کی تیاری کررہے تھے، لیکن اس طیارہ کو پرواز کی اجازت نہیں دی گئی۔ وہ اپنے حامیوں کے مستحکم گڑھ شہر دونٹسک سے فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے جو ناکام بنادی گئی۔
دریں اثناء کیف کا مرکزی علاقہ جو کئی دن سے احتجاجی مظاہروں کا مرکز بناہوا تھا، آج پُرسکون رہا۔ واشنگٹن سے موصولہ اطلاع کے بموجب وائیٹ ہاؤس نے یوکرین پر دباؤ ڈالا ہے کہ وہ تیزی سے ایک متحدہ حکومت تشکیل دینے کے لئے پیشرفت کرے اور مہلک تشدد کے بعد نظم و ضبط بحال کرنے کی کوشش کرے۔ جاریہ ہفتہ مہینوں سے جاری احتجاجی مظاہرے پُرتشدد ہوگئے تھے۔ احتجاجی مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں بے گنتی افراد ہلاک ہوئے۔ یوروپی یونین کی ثالثی کے نتیجہ میں احتجاجی قائدین اور صدر وکٹر یانوکووچ نے ایک نئی حکومت تشکیل دینے اور انتخابات کے عاجلانہ انعقاد سے اتفاق کرلیا تھا۔