صدر کووند کی تقریب کے مقام پر بم رکھنے کی دھمکی،

مندر کا پجاری گرفتار
تھریسور 6 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا میں ضلع تھریسور کے سینٹ تھامس کالج میں بم رکھنے کی مبینہ دھمکی دینے والے مندر کے پجاری کو گرفتار کرلیا گیا۔ اس کالج میں کل منعقد شدنی تقریب میں صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند شرکت کریں گے۔ پولیس نے کہاکہ تقریباً ایک بجے شب اس شخص نے جو حالت نشہ میں تھا، پولیس کنٹرول روم سے فون پر ربط کیا اور دھمکی دی کہ اس کالج میں بم نصب کردیا جائے گا جہاں صدرجمہوریہ کل کالج کی صد سالہ تقریب میں شرکت کررہے ہیں۔ تھریسور ڈسٹرکٹ پولیس سربراہ ستیش چندرا نے کہاکہ ملزم جیارام کے مقام کا اس کے موبائیل فون سے پتہ چلاتے ہوئے اس کو گرفتار کرلیا گیا۔ پوچھ گچھ کے دوران اُس نے حالت نشہ میں یہ فون کال کرنے کا اعتراف کرلیا۔ جیا کمار چیراکل بھاگوتی مندر کا پجاری ہے۔ جس کے خلاف مجرمانہ انداز میں ڈرانے دھمکانے سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ صدر کووند تین روزہ دورہ کیرالا پر گزشتہ روز یہاں پہونچے۔ وہ کیرالا اسمبلی کی ڈائمنڈ جوبلی تقاریب کے اختتام کے طور پر تھرواننتاپورم میں اسمبلی کامپلکس کا افتتاح بھی کریں گے۔