حیدرآباد ۔ 8 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے 9 دسمبر کو صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی کی 68 ویں سالگرہ بڑے پیمانے پر منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر کمار راؤ نے بتایا کہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا 9 دسمبر کو صبح 10 بجے گاندھی بھون میں پرچم کشائی انجام دیں گے ۔ 10-30 بجے کیک کاٹا جائے گا ۔ 10-45 کو خون کا عطیہ کیمپ کا افتتاح کریں گے اور 11-30 بجے مختلف مقابلوں میں بہترین مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں ایوارڈس تقسیم کریں گے ۔ اس کے علاوہ کسان کانگریس کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے ۔ تلنگانہ کانگریس کمیٹی نے سونیا گاندھی کی سالگرہ بڑی دھوم سے منانے کا فیصلہ کیا ہے کیوں کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سونیا گاندھی کی سالگرہ آرہی ہے ۔ 9 دسمبر 2009 کو سونیا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور 5 سال تک تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو یقینی بنایا ہے ۔ اس لیے کانگریس پارٹی کی جانب سے تلنگانہ کے تمام اضلاع کانگریس صدور کو پارٹی کے پروگرام سے واقف بھی کرادیا گیا ہے ۔ دواخانوں میں مریضوں میں پھل بھی تقسیم کئے جائیں گے اور ہیڈکوارٹرس پر خون کا عطیہ کیمپ کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔۔