صدر کل ہند کانگریس سونیا گاندھی کی سالگرہ دھوم سے منانے کا اعلان

علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کی مسرت میں مختلف سرگرمیاں: پنالہ لکشمیا
حیدرآباد /4 دسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے 9 دسمبر کو صدر کانگریس سونیا گاندھی کی سالگرہ بڑی دھوم سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ گاندھی بھون میں ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس محمد علی شبیر، جنرل سکریٹریز جی چنا ریڈی، کسم کمار لکشمن اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا نے کہا کہ سونیا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر 9 دسمبر 2009ء کو علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا تھا اور اس کے پانچ سال بعد علحدہ ریاست تشکیل پائی، جس کی وجہ سے علحدہ ریاست میں سونیا گاندھی کی سالگرہ تقریب بڑی دھوم سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس دن کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی اور ڈاکٹرس سیل کی جانب سے خون کا عطیہ کیمپ منعقد کیا جائے گا، دوا خانوں میں مریضوں میں پھل تقسیم کئے جائیں گے، گاندھی بھون میں کیک کاٹا جائے گا اور تلنگانہ کے تمام اضلاع و دیہاتوں میں سالگرہ تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ سونیا گاندھی تلنگانہ کے لئے ایک ماں کا درجہ رکھتی ہیں، لہذا علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے پر تمام سیاسی جماعتوں بشمول چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کو تقریب میں مدعو کرتے ہوئے سب کی جانب سے مسز گاندھی کو اظہار تشکر پیش کرنے سے اتفاق کیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ رویندرا بھارتی یا کسی دوسرے مقام پر کل جماعتی تقریب کے اہتمام پر غور کیا جا رہا ہے۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ اجلاس میں کانگریس کی رکنیت سازی مہم کا جائزہ لیا گیا، جس کے تحت اب تک 17 لاکھ 50 ہزار رکنیت سازی بکس تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ انھوں نے چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو پر تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام عائد کیا اور آبپاشی پراجکٹس کے اعتراض کو مسترد کردیا۔