کابل، 4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) افغان صدر حامد کرزئی نے ملک میں جاری جنگ کے خاتمے اور قیام امن کیلئے طالبان سے خفیہ روابط شروع کر دئیے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارہ کے مطابق افغان اور مغربی حکام نے کہاہے کہ صدر کرزئی امریکہ اور مغربی اتحادیوں کی مداخلت کے بغیر طالبان کیساتھ امن معاہدے کی خواہاں ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے طالبان کیساتھ خفیہ طور پر روابط قائم کر لئے ہیں۔ کرزئی کا خیال ہے کہ امریکہ ملک میں قیام امن کیلئے کوئی کردار ادا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا، لہٰذا طالبان اور افغان حکام کے درمیان معاہدہ بھی قیام امن کیلئے پائیدار ثابت ہوسکتا ہے۔ ترجمان افغان صدر نے بھی صدر کے طالبان سے رابطوں کا اعتراف کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ سلسلہ بدستور جاری ہے جبکہ مغربی حکام کا کہنا ہے کہ چونکہ ان کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا اس لئے یہ روابط اب ختم ہوچکے ہیں۔