صدر کانگریس راہول گاندھی کا آج ایک روزہ دورہ کرنول

تلنگانہ میں عظیم اتحاد کی تشکیل کی کوششوں کے پیش نظر دورہ کی اہمیت: اتم کمار ریڈی ملاقات کرینگے
حیدرآباد ۔ 17ستمبر (سیاست نیوز) عظیم اتحاد تشکیل دینے کوششوں کے درمیان 18ستمبر کو صدر کانگریس راہول گاندھی کے دورہ کرنول کی اہمیت بڑھ گئی ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اُتم کمار ریڈی کرنول پہنچ کر راہول گاندھی سے ملاقات کریں گے ۔ ٹی آر ایس کو اقتدار سے دور رکھنے کانگریس ‘ تلگودیشم ‘ سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی نے عظیم اتحاد تشکیل دینے سے اتفاق کیا اور پہلے مرحلے کی بات چیت بھی ہوئی ہے ۔ ایسے میں کانگریس صدر راہول گاندھی کا دورہ کرنول اہمیت کا حامل ہو گیا ہے ۔ کیا وہ آندھراپردیش حکومت کی ناکامیوں اور بدعنوانیوں کو اشکار کریں گے یا مرکز پر تلگو ریاستوں سے ناانصافی کے الزامات عائد کریں گے اس پر تجسس ہے ۔اگر راہول تلگودیشم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں تو تلنگانہ میں کانگریس ۔ تلگودیشم کا اتحاد وجود میں آنے سے قبل ختم ہوجائے گا ۔ منگل کو دوپہر 12.05 بجے راہول گاندھی کرنول پہنچیں گے جس کے بعد وہ سابق چیف منسٹر دامودرسنجیویا کی قیام گاہ پر ان کے ارکان خاندان سے ملاقات کریں گے ‘ اس کے بعد سابق چیف منسٹر وجئے بھاسکر ریڈی کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کریں گے ۔ قیامگاہ پہنچ کر ارکان خاندان سے ملاقات کریں گے ۔ یہیں کسانوں سے ملاقات کریں گے ۔ بعد ازاں مقامی ایس ٹی بی سی کالج گراؤنڈ پر جلسہ سے خطاب کریں گے جس کے بعد حیدرآباد پہنچ کر دہلی کیلئے روانہ ہوجائیں گے ۔ صدر پردیش کانگریس نے بتایا کہ وہ 18 ستمبر کو کرنول پہنچ کر راہول گاندھی سے ملاقات کریں گے ۔