ملاقات سے کوئی غلطی نہیں ، اتم کمار کا بیان
حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : سابق ریاستی وزیر ڈی ناگیندر نے شہر کی ایک ہوٹل میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی سے ملاقات کی تردید کی تو دوسری طرف اتم کمار ریڈی نے ملاقات کو کوئی غلطی نہ قرار دیتے ہوئے سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچادی ہے ۔ سربراہ ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ نے اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد 105 ٹی آر ایس امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی تھی ۔ پہلی فہرست میں اپنا نام شامل نہ ہونے پر ڈی ناگیندر ناراض تھے جس کی میڈیا اور سوشیل میڈیا میں کافی تشہیر ہوئی ہے اور یہ بھی قیاس آرائیاں ہوئی کہ ڈی ناگیندر دوبارہ کانگریس میں شامل کے خواہش مند ہیں اور انہوں نے شہر کی ایک ہوٹل میں اتم کمار ریڈی سے خفیہ ملاقات کی ہے ۔ یہ افواہیں جب جنگل کی آگ کی طرح پھیلی تو ڈی ناگیندر نے اس کی آج اتم کمار ریڈی سے خفیہ ملاقات کی تردید کی اور کہا کہ وہ غیر مشروط ٹی آر ایس میں شامل ہوئے ہیں سربراہ ٹی آر ایس کے سی آر انہیں جہاں سے مقابلہ کرنے کی ہدایت دیں گے وہ وہاں سے مقابلہ کریں گے اگر ٹکٹ نہیں دیا گیا تو وہ ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کے لیے کام کریں گے ۔ گاندھی بھون میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں جب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی سے ان کی اور ڈی ناگیندر کی خفیہ ملاقات کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے اس کی تردید یا تصدیق کرنے سے گریز کرتے ہوئے خود میڈیا سے سوال کیا کہ ملاقات کرنا کوئی جرم ہے کیا اس طرح کا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے تجسس کو برقرار رکھا ہے اور ڈی ناگیندر کو ٹی آر ایس میں مشکوک بنانے کی کوشش کی ہے ۔ جو سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنا ہوا ہے ۔۔