صدر چین ۔ صدر امریکہ ملاقات جون میں

واشنگٹن ۔ 21 مئی (پی ٹی آئی) صدر بارک اوباما، صدر چین ژی جن پنگ سے آئندہ ماہ کیلیفورنیا میں ملاقات کریں گے۔ ملاقات کے دوران امریکہ اور چین کو درپیش سائبر سیکوریٹی اور شمالی کوریا کے نیوکلیئر پروگرام جیسے مسائل کے علاوہ باہمی اور عالمی مسائل پر وسیع تر تبادلہ خیال کریں گے۔ اوباما ۔ ژی کی یہ اعلیٰ سطحی ملاقات ژی کے مارچ میں صدر چین بننے کے بعد اولین ملاقات ہوگی۔ اوباما اور ژی باہمی، علاقائی اور عالمی مسائل کے وسیع تر موضوعات پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔ وائیٹ ہاوز کے پریس سکریٹری جے کارنی نے کل کہا کہ مشیر قومی سلامتی ٹام ڈونیلان 26 تا 28 مئی چین کا دورہ کریں گے تاکہ اوباما ۔ ژی چوٹی ملاقات کیلئے راہ ہموار کرسکیں۔

شنڈے کا امریکی قومی انسداد دہشت گردی مرکز کا دورہ
واشنگٹن ۔ 21 مئی (پی ٹی آئی) مرکزی وزیرداخلہ سشیل کمار شنڈے نے آج امریکہ کے اعلیٰ سطحی انسداد دہشت گردی مرکز کا دورہ کیا تاکہ اس کی کارکردگی سے راست واقفیت حاصل کی جاسکے۔ وہ اتوار کے دن امریکہ کے دورہ پر پہنچیں تھے اور انہوں نے کل یہ دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہے، جس نے وزیر داخلی سلامتی جینیٹ نپولی ٹانو سے تبادلہ خیال کیا۔ شنڈے نے پیرفیاکس کاونٹی کے بالغ افراد کے حراستی مرکز کا بھی دورہ کیا جو ایک گھنٹہ طویل تھا۔ انہوں نے امریکہ کے اس اہم اصلاحی مرکزکی کارکردگی اور انتظام سے واقفیت حاصل کی۔ انسداد دہشت گردی مرکز کے دورہ میں ڈائرکٹر میتھیو جی اولسن نے انہیں مرکز کے کردار اور کارکردگی کی تفصیلات سے واقف کروایا۔