(ظہیر الدین علی خاں)
بیجنگ ۔ 28 ۔ جون : صدر چین ژی جن پنگ نے غیر معمولی جذبہ خیر سگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دورہ کنندہ ہندوستانی وفد میں شریک چار صحافیوں کو عشائیہ پر مدعو کیا ۔ ان میں منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں کے علاوہ ای ٹی وی ، ٹائمز ناو اور ٹریبون کے نمائندے شامل ہیں ۔ صدر چین نے اس موقع پر اسلام اورمسلمانوں کے بارے میں دلچسپی ظاہر کی ۔ انہوں نے اسلام کے بارے میں مختلف سوالات کیے اور نماز و روزے کے بارے میں استفسارات کئے ۔ انہوں نے اسلام کی بنیادی تعلیم کے علاوہ یہ بھی پوچھا کہ مسلمان روزہ کس طرح رکھتے ہیں اور اس کی وجہ کیا ہے ۔ نماز کے بارے میں بھی انہوں نے جاننا چاہا ۔ وفد میں شریک مسلم نمائندوں نے صدر چین کو اسلام کی بنیادی تعلیمات کے علاوہ نماز اور روزہ کے اغراض و مقاصد اور اس کے فوائد پر روشنی ڈالی ۔ عشائیہ میں وزیر اعظم چین لی کیقیانگ کے علاوہ کمیونسٹ پارٹی کے لیڈرس بھی شریک تھے اور انہوں نے اسلام کے بارے میں دلچسپی ظاہر کی ۔
پنچ شیل کی 60 ویں سالگرہ تقریب کے سلسلہ میں نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری کی زیر قیادت ہندوستانی وفد چین کے پانچ روزہ دورہ پر ہے ۔۔