صدر چین سے سنجیدہ موضوعات پر بات ہوگی : ٹرمپ

واشنگٹن ۔ یکم اپریل۔(سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ آئندہ ہفتہ چینی ہم منصب ژی جن پنگ سے ملاقات کے د وران وہ بعض انتہائی سنجیدہ موضوعات پر بات کریں گے ۔ انھوں نے اوول آفس میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاآئندہ ہفتہ فلوریڈا کے جنوبی وائیٹ ہاؤز میں صدر چین آرہے ہیں ان کے ساتھ مختلف نمائندوں کا ایک بڑا گروپ بھی ہوگا ۔ اس وقت ہم بعض انتہائی اہم موضوعات پر بات کریں گے ۔ ٹرمپ اور ژی جن پنگ کی ملاقات 6 اور 7 اپریل کو صدر کے فلوریڈا میں واقع مار ۔ 1 لاگو رہائش گاہ پر ہوگی جسے اکثر ’جنوبی وائیٹ ہاؤز ‘‘ کہا جاتا ہے ۔ ٹرمپ نے کہاکہ ہماری صدر چین سے فون پر کئی مرتبہ بات ہوئی ہیں یہ پہلی راست ملاقات کے ہم منتظر ہیں ۔ وائیٹ ہاؤز پریس سکریٹری شین اسپائسر نے روزانہ کی پریس کانفرنس میں کہا کہ صدر چین کے ساتھ ملاقات ایک مشکل مرحلہ ہوگا ۔ قومی سلامتی کے موضوعات اور تجارتی محاذ پر دونوں ممالک کا موقف ایک دوسرے سے الگ ہے ۔