نئی دہلی 15 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چین کے صدر ژی جن پنگ کے دورہ ہندوستان سے قبل ہندوستان نے آج کہا کہ اسے امید ہے کہ اس دورہ کے موقع پر دونوں ملکوں کے مفادات اور تشویش پر توجہ دی جائیگی اور سرحدی تنازعہ کے بمشول ایسے تمام مسائل پر بات چیت ہوگی جو دونوں ملکوں کے تعلقات پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ ہندوستان نے یہ ریمارکس ایسے وقت میں کئے ہیں جب لیہہ میں مقامی حکام نے کہا کہ چینی شہریوں کو سرکاری گاڑیوں میں لداخ میں ہندوستانی سرحد کے اندر ڈیمچوک علاقہ میں لایا گیا ہے اور وہ مقامی افراد کو وہاں آبپاشی پراجیکٹس پر کام کرنے سے روک رہے ہیں۔ تاہم اس تعلق سے جب سوال کیا گیا تو وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے راست جواب دینے سے گریز کیا ۔