کانگریس کا احتسابی اجلاس، راہول گاندھی کو شرکت کی دعوت: پنالہ لکشمیا
حیدرآباد /7 اگست (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا نے انھیں عہدہ سے ہٹانے کی اطلاعات کو محض افواہ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ہائی کمان کی جانب سے انھیں عہدہ سے ہٹانے کی اطلاع غلط اور بے بنیاد ہے، وہ عہدہ پر برقرار رہیں گے۔ واضح رہے کہ پنالہ لکشمیا نے منگل اور چہار شنبہ کو کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج تلنگانہ امور ڈگ وجے سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست کی تازہ صورت حال، پارٹی کے استحکام کے لئے کئے جانے والے اقدامات اور قائدین کی جانب سے ان کے خلاف چلائی جانے والی تحریک سے واقف کرایا۔ علاوہ ازیں ضلعی سطح پر پارٹی کی شکست اور اسمبلی کی سطح پر طلب کردہ اجلاس کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے 23 اور 24 اگست کو منعقد شدنی پارٹی کے پلینری سیشن کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ پنالہ لکشمیا نے بتایا کہ 23 اور 24 اگست کو کانگریس کا احتسابی اجلاس منعقد ہوگا، جس میں شرکت کی دعوت راہول گاندھی اور ڈگ وجے سنگھ کو بھی دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ کانگریس کے مختلف قائدین سے تبادلہ خیال کیا اور کئی قائدین پردیش کانگریس کمیٹی کے دعویدار بن کر ابھرے ہیں، مگر باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس ہائی کمان عجلت میں فیصلہ کا ارادہ نہیں رکھتی اور پنالہ لکشمیا کو پارٹی کی خامیوں، قائدین کی غفلت اور دیگر امور پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے شکست کا جائزہ لینے کے لئے ریاستی سطح کا اجلاس طلب کرنے کا مشورہ دیا۔ ذرائع کے بموجب تلنگانہ کے کانگریس قائدین دہلی پہنچ کر پارٹی کے سینئر قائدین سے ملاقات کر رہے ہیں۔