وائی ایس آر دور حکومت بدعنوانیوں پر سی بی آئی تحقیقات میں فریق ، کڈیم سری ہری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اپریل (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سینئر قائد کڈیم سری ہری نے کہا کہ وائی ایس آر دور حکومت کی مختلف بدعنوانیوں کے سلسلہ میں سی بی آئی تحقیقات کا سامنا کرنے والے پونالہ لکشمیا کسی وقت بھی جیل جاسکتے ہیں۔ کڈیم سری ہری جو حلقہ لوک سبھا ورنگل سے ٹی آر ایس امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کر رہے ہیں، اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مختلف بے قاعدگیوں سے متعلق مقدمات میں سی بی آئی نے پونالہ لکشمیا کے فریق بنایا ہے اور تحقیقات کی تکمیل کے بعد ان کا جیل جانا یقینی ہے ۔ سری ہری نے کہا کہ اس طرح کے قائدین کو تلنگانہ عوام مسترد کردیں گے۔ انہوں نے پونالہ لکشمیا کی جانب سے کے سی آر پر تنقیدوں پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ صدر پی سی سی کو کے سی آر پر تنقید کا کوئی حق حاصل نہیں ہے ۔ لکشمیا نے کبھی بھی تلنگانہ تحریک میں حصہ نہیں لیا
جبکہ ٹی آر ایس قائدین نے ایک سے زائد مرتبہ تلنگانہ کیلئے اپنے عہدوں کی قربانی دی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے تمام قائدین بدعنوانیوں میں ملوث ہیں۔ ورنگل کے موجودہ رکن پارلیمنٹ ایس راجیا پہلے ہی جیل جاچکے ہیں۔ سری ہری نے کہا کہ بدعنوان قائدین کے ہاتھ میں اگر تلنگانہ کی حکومت آجائے گی تو پھر دوبارہ بے قاعدگیوں کا امکان ہے۔ لہذا عوام کو چاہئے کہ وہ بدعنوان قائدین کے ہاتھوں میں تلنگانہ نہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس سے تعلق رکھنے والے تلنگانہ قائدین کو خود اس بات کا محاسبہ کرنا چاہئے کہ تحریک تلنگانہ میں ان کی حصہ داری کتنی ہے۔ کبھی بھی کانگریس قائدین نے اپنے عہدوں سے استعفی نہیں دیا۔ اس کے برخلاف تشکیل تلنگانہ کے ساتھ ہی وہ اپنی حصہ داری کے دعوے کر رہے ہیں۔ انہوں نے تلگو دیشم پارٹی پر الزام عائد کیا کہ اس نے لمحہ آخر تک تلنگانہ کی تشکیل کو روکنے کی کوشش کی ۔ اس کے باوجود تلنگانہ کے قائدین ابھی بھی پارٹی سے جڑے ہوئے ہیں۔ سری ہری نے کہا کہ بی جے پی قائدین کی مخالفت کے باوجود چندرا بابو نائیڈو نے بی جے پی قومی قائدین کو راضی کرتے ہوئے بی جے پی کے ساتھ زبردستی اتحاد کیا ہے ۔ یہ اتحاد یکطرفہ ہے اور بی جے پی کارکن خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تعمیر نو کیلئے ٹی آر ایس کا برسر اقتدار آنا ضروری ہے۔ تلنگانہ عوام نئی ریاست سے کئی توقعات وابستہ کئے ہوئے ہیں لہذا ٹی آر ایس کے برسر اقتدار آنے پر عوامی خواہشات کی تکمیل کی جائے گی ۔ کے سی آر کی قیادت میں سنہرے تلنگانہ کا خواب پورا ہوگا۔