صدر پی سی سی تلنگانہ پنالہ لکشمیا پر وی ہنمنت راؤ کی ناراضگی کا اعادہ

لیجسلیچر پارٹی اجلاس کی اطلاع مگر دعوت نہ دینے پر رکن راجیہ سبھا کانگریس کی ناراضگی
حیدرآباد ۔ 3 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے آج پھر ایک مرتبہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس کے بارے میں اطلاع دی گئی مگر شرکت کرنے کی دعوت نہیں دی گئی ۔ آج سی ایل پی آفس اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر وی ہنمنت راؤ نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا قائد اپوزیشن مسٹر کے جانا ریڈی قائد اپوزیشن کونسل مسٹر ڈی سرینواس پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں سینئیر کانگریس قائدین بالخصوص تلنگانہ کے لیے جدوجہد کرنے والے قائدین کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی ، ارکان قانون ساز کونسل پارٹی سے مستعفی ہو کر ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں جس سے کانگریس پارٹی کیڈر کے حوصلے پست ہورہے ہیں اور پارٹی دن بہ دن کمزور ہورہی ہے ۔ پارٹی کے منتخبہ نمائندے پارٹی کیوں چھوڑ رہے ہیں ۔ اس کا جائزہ لینے اور محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ وہ 9 نومبر کو تلنگانہ کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ ارکان راجیہ سبھا اور سابق ارکان پارلیمنٹ کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کررہے ہیں ۔ جس میں تازہ سیاسی حالت کا جائزہ لیتے ہوئے پارٹی کو مستحکم کرنے کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا ۔ مسٹر وی ہنمنت راؤ نے اپنا ٹیلی فون پیغام میڈیا کو بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں آج کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس ہونے کی اطلاع دی گئی ہے ۔ مگر اجلاس میں شرکت کرنے کی دعوت نہیں دی گئی ۔ انہوں نے کانگریس کو دوبارہ برسر اقتدار لانے کے لیے پارٹی کے تمام قائدین کو متحد ہو کر کام کرنے کا مشورہ دیا اور جو قائدین پارٹی چھوڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں ان سے بات کرتے ہوئے پارٹی میں برقرار رکھنے کی کوشش کرنے پر زور دیا ۔۔