صدر پی سی سی اقلیت ڈپارٹمنٹ کے لیے قائدین کی ایکدوسرے پر مسابقت
ایس کے افضل الدین ، خلیق الرحمن اور شیخ عبداللہ سہیل کے ناموں پر غور و خوض
حیدرآباد ۔ یکم ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے عہدے کے لیے کانگریس کے اقلیتی قائدین میں دوڑ دھوپ شروع ہوگئی ہے ۔ پردیش کانگریس کمیٹی چند ناموں پر غور کررہی ہے ۔ اور چند قائدین اپنی جانب سے عہدے کے حصول کے لیے سرگرم ہوگئے ہیں صدر آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر خورشید احمد سعید نے تلنگانہ کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کو فوری اثر کے ساتھ تحلیل کردیا اور نئے صدر کے انتخاب کے لیے تین ناموں کی سفارش کرنے کی صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا کو ہدایت دی ۔ پردیش کانگریس کمیٹی سکریٹریز پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر سید یوسف ہاشمی ، جابر پٹیل ، مسٹر ساجد پاشاہ ، ترجمان تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ایس کے افضل الدین کے علاوہ سینئیر قائدین مسٹر خلیق الرحمن ، مسٹر شیخ عبداللہ سہیل کے علاوہ دوسرے ناموں پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ اس کے علاوہ دوسرے قائدین بھی اپنی اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں ابھی صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے ہنوز تین ناموں کا انتخاب نہیں کیا ہے ۔ پارٹی میں مشاورت جاری ہے ۔ نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و ڈپٹی فلور لیڈر کونسل مسٹر محمد علی شبیر کو کانگریس ہائی کمان نے جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے لیے مبصر نامزد کیا ہے ۔ وہ دو ہفتوں تک جموں و کشمیر کے دورے پر ہیں ۔ شاید تین ناموں کی فہرست دہلی روانہ کرنے میں تاخیر ہوسکتی ہے ۔ مسٹر محمد علی شبیر جموں و کشمیر میں سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے انتخابی دورے مکمل ہونے کے بعد حیدرآباد واپس ہوں گے ۔ تب اس مسئلہ پر قطعی غور ہونے کا امکان ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا اس مسئلہ پر مسٹر محمد علی شبیر سے مشاورت کرچکے ہیں اور دوسرے قائدین سے بھی بات چیت کررہے ہیں ایسے قائدین کے ناموں پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے جو صدارت کے لیے قابل قبول ہوں اور اقلیتی قائدین کو ساتھ لے کر چلیں اور پارٹی کے پروگراموں میں سرگرم رول ادا کریں ۔ پارٹی کی جانب سے دئیے جانے والے پروگراموں کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کریں ۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی و انچارج تلنگانہ امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ اور سکریٹری انچارج کنٹیا نے صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا سے اس مسئلہ پر ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے ۔ پارٹی کے محاذی تنظیموں کو سرگرم بنانے کے لیے صدر اقلیت ڈپارٹمنٹ کے انتخاب میں خصوصی دلچسپی لینے کی ہدایت دی ہے ۔ اس طرح اقلیتوں کا اعتماد بحال کرنے میں کانگریس پارٹی کو آسانی ہوسکے ۔ چند اضلاع کے کانگریس قائدین بھی دوڑ دھوپ میں شامل ہیں ۔۔