صدر پی سی سی اقلیت ڈپارٹمنٹ کیلئے قائدین کے ناموں پر غور و خوض

عنقریب ہائی کمان کو سفارش ، صدر تلنگانہ پی سی سی پنالہ لکشمیا کا بیان
حیدرآباد ۔ 8 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ تلنگانہ پردیش اقلیت ڈپارٹمنٹ کے نئے صدر کے لیے اقلیتی قائدین کے نام پر پارٹی سنجیدگی سے غور کررہی ہے اور اقلیتی قائدین بھی ان سے ملاقات کررہے ہیں ۔ بہت جلدتین ناموں کی ہائی کمان کو سفارش کردی جائے گی ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ اکثر کسی بھی نئی حکومت کے خلاف 2 سال بعد مخالف حکومت عوامی لہر پیدا ہوتی ہے تاہم ٹی آر ایس حکومت 6 ماہ میں عوامی تائید سے محروم ہوگئی ہے ۔ حکومت کے خلاف عوامی تحریک شروع کرنے کے لیے وہ تلنگانہ میں کانگریس اور اس کی محاذی تنظیموں کو مستحکم بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ پارٹی کے تمام پروگرامس کو کامیاب بنایا جاسکے ۔ مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ اقلیت ہمیشہ کانگریس پارٹی کے ریڑھ کی ہڈی رہی ہے ۔ ہار جیت کانگریس پارٹی کے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ پارٹی عوامی مسائل کو ترجیح دے گی ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کو مستحکم بنایا جائے گا ۔ صدر اے آئی سی سی اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر خورشید احمد سعید نے انہیں ایک مکتوب روانہ کیا ہے ۔ جس میں تلنگانہ کے بشمول ملک کے تمام کانگریس کے اقلیت ڈپارٹمنٹ کی کمیٹیوں کو تحلیل کردینے کے فیصلے سے واقف کراتے ہوئے تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے نئے صدر کے انتخاب کے لیے تین ناموں کی سفارش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ وہ اس مسئلہ پر تلنگانہ کے کانگریس قائدین سے مشاورت کررہے ہیں اور عہدے کے دعویدار قائدین بھی ان سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی اپنی دعویداری پیش کررہے ہیں ۔ پارٹی کے لیے سود مند رہنے والے قائدین کو اہمیت دینے کا انہوں نے فیصلہ کیا ہے ۔ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں اپوزیشن میں ہے اور پارٹی کو تعمیری رول ادا کرنا ہے ۔ اقلیتوں کو دوبارہ کانگریس سے قریب کرنے کے لیے کانگریس پارٹی سب کے لیے قابل قبول تین ناموں کی کانگریس ہائی کمان کو سفارش کردے گی ۔ خورشید احمد سعید اور ڈگ وجئے سنگھ کے علاوہ پارٹی صدر مسز سونیا گاندھی کو بھی نئے ناموں کی کاپی روانہ کردی جائے گی ۔۔