صدر پرنب مکرجی کی 10 روزہ دورہ پر پیر کو آمد

حیدرآباد 23 جون (سیاست نیوز) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کا اواخر جون 10 روزہ دورہ حیدرآباد متوقع ہے۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق صدرجمہوریہ ہند 29 جون تا 8 جولائی ریاست تلنگانہ کے دورہ پر 29 جون کو حیدرآباد پہونچیں گے۔ دورہ حیدرآباد کے سلسلہ میں تمام تر انتظامات کو قطعیت دینے کیلئے تمام متعلقہ محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کو چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ مسٹر راجیو شرما نے ضروری ہدایات دیں۔ صدرجمہوریہ کے دورہ پروگرام کے سلسلہ میں چیف سکریٹری مسٹر راجیو شرما کی زیرصدارت سکریٹریٹ میں ایک اہم اجلاس طلب کیا گیا۔ اس اجلاس میں آرمی، پولیس، جی ایچ ایم سی، میٹرو واٹر ورکس، میڈیکل اینڈ ہیلت، آر اینڈ بی، محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ، ایس پی ڈی سی ایل، اے پی ٹی ایس، بی ایس این ایل، کنٹونمنٹ اور محکمہ فائر سرویسس کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما نے صدرجمہوریہ ہند کے دورہ سے متعلق بندوبست کے انتظامات کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی مرمت، ہیلی پیاڈز کی تیاری، صحت و صفائی کے انتظامات کرنے کے علاوہ راشٹراپتی نیلائم میں مکمل انتظامات کرنے سی سی کیمروں کی تنصیب وغیرہ کیلئے مؤثر و فوری طور پر اقدامات کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دیں۔ اُنھوں نے کہاکہ صدرجمہوریہ کے دورہ ہند کے سلسلہ میں حکیم پیٹ ایرپورٹ پر درکار انتظامات کئے جانے چاہئے۔ علاوہ ازیں صدرجمہوریہ ہند کے دورہ سے متعلق ضروری انتظامات محکمہ پولیس کو کرنے کی ہدایات دیں۔