صدر پرنب مکرجی پانچ روزہ دورہ سویڈن و بیلاروس پر روانہ

نئی دہلی 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام )صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے سویڈن اور بیلا روس کے پانچ روزہ دورہ کا آج آغاز کیا جو ان ممالک کیلئے ہندوستان کے کسی سربراہ مملکت کا پہلا دورہ بھی ہے ۔ اس موقع پر کئی کلیدی سمجھوتوں پر دستخط متوقع ہے ۔ مسٹر مکرجی کو راشٹرپتی بھون میں منعقدہ راویتی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی ‘نائب صدر جمہوریہ محمد حامد انصاری‘ نئی دہلی کے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ‘وزیر خارجہ سشما سوراج ‘وزیر فینانس ارون جیٹلی اور فوج کے تینوں شعبوں کے سربراہان نے وداع کیا۔ مسٹر مکرجی کے دو قومی دورہ کا آغاز سویڈن سے ہوگا ۔ بوفورس کے مسئلہ پر سویڈن کے ایک اخبار کو دیئے گئے مسٹر مکرجی کے انٹرویو پر ایک تنازعہ پیدا ہوگیا تھا لیکن وزارت خارجہ نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا کہ ان کے دورہ سویڈن پر اس تنازعہ کے کوئی اثرات مرتب ہوں گے ۔ صدر پرنب مکرجی سویڈن کے دارالحکومت پہونچنے کے بعد اسکینینیویا کی اس مملکت کے شاہ اور ملکہ کے علاوہ وزیر اعظم‘ پارلیمانی اسپیکر اور اپوزیشن لیڈر سے بھی ملاقات کریں گے ۔ ولیعہد شہزادہ وکٹوریہ اور شہزادہ ڈینیل اس موقع پر صدر مکرجی کا استقبال کریں اور شاہی محل میں وہ گھوڑوں کی بگی کے ذریعہ پہونچیں گے جہاں شاہ اور ملکہ ان کا استقبال کریں گے۔