صدر پردیش کانگریس اقلیتی عہدہ کے لئے مسابقت

نئے صدر کے انتخاب کے لئے 3 ناموں کی سفارش
حیدرآباد /2 دسمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کا عہدہ حاصل کرنے کے لئے کانگریس کے اقلیتی قائدین میں مسابقت شروع ہو گئی ہے، جس پر تلنگانہ پردیش کانگریس چند ناموں پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ صدر آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ خورشید احمد سعید نے تلنگانہ کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کو فوری اثر کے ساتھ تحلیل کردیا ہے اور نئے صدر کے انتخاب کے لئے تین ناموں کی سفارش کرنے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا کو ہدایت دی ہے۔ علاوہ ازیں آل انڈیا کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج تلنگانہ کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ اور سکریٹری انچارج مسٹر کنتیا نے پنالہ لکشمیا سے ٹیلیفون پر بات چیت کی ہے۔ ذرائع کے بموجب سکریٹریز تلنگانہ پردیش کانگریس سید یوسف ہاشمی، جابر پٹیل، ساجد پاشاہ، سابق کوآرڈینیٹر اے آئی سی سی اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خلیق الرحمن، ترجمان تلنگانہ پردیش کانگریس ایس کے افضل الدین، کانگریس قائد شیخ عبد اللہ پٹیل اور دیگر کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے، جن میں اضلاع کے بھی اقلیتی قائدین شامل ہیں، تاہم تین ناموں کی سفارش میں کچھ تاخیر کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ نائب صدر تلنگانہ کانگریس و ڈپٹی فلور لیڈر محمد علی شبیر کو کانگریس ہائی کمان نے جموں و کشمیر انتخابات کے لئے کانگریس کا مبصر نامزد کیا ہے، لہذا وہ 4 تا 15 دسمبر جموں و کشمیر میں پارٹی کی انتخابی مہم کے علاوہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے انتخابی جلسوں میں مصروف رہیں گے اور اس کے بعد وہ حیدرآباد واپس ہوں گے۔ قبل ازیں پنالہ لکشمیا نے خورشید احمد سعید کا مکتوب وصول ہوتے ہی تین ناموں کی سفارش کے سلسلے میں مسٹر محمد علی شبیر سے مشاورت کی تھی، لیکن اقلیتی قائدین اپنے اپنے حامیوں کے ساتھ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس سے ملاقات کرکے اپنی اپنی دعویداری پیش کر رہے ہیں، جب کہ کانگریس ہائی کمان پارٹی کی محاذی تنظیموں بالخصوص کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کو متحرک کرنے اور کانگریس پر اقلیتوں کا اعتماد بحال کرنے کے لئے کسی سرگرم قائد کو صدر بنانا چاہتی ہے، تاکہ پارٹی زیادہ سے زیادہ مستحکم ہوسکے۔