صدر پاکستان کے فرزند بال بال بچ گئے ،3 دیگر ہلاک

کراچی ۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بلوچستان میں ایک ریستوران کے باہر ہوئے دھماکہ میں 3 افراد ہلاک اور زائد از ایک درجن افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکہ صدر پاکستان ممنون حسین کے فرزند کو نشانہ بنانے کے لئے کیا گیا تھا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ریستوران کے باہر پارکنگ علاقہ میں ایک موٹر سائیکل پر دھماکو مادہ رکھا گیا تھا۔ نشانہ دراصل ممنون حسین کے فرزند سلمان حسین کے قافلہ کو بنایا گیا تھا، جس میں سلمان زخمی ہوگئے۔ یہ دھماکہ بندرگاہی شہر کراچی سے 31 کیلو میٹر دور واقع صنعتی شہر حب میں پیش آیا۔ دریں اثناء حب کے پولیس سپرنٹنڈنٹ (تحقیقات) جام مندوخیل نے بتایا کہ دھماکہ کے وقت سلمان کا قافلہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لسبیلہ بشیر بروہی وہاں سے گذر رہے تھے۔ ٹیلیویژن چینلز کی رپورٹ کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی وجہ سے اطراف و اکناف کے علاقے بھی دہل گئے اور کئی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے چکنا چور ہوگئے۔ اس دھماکہ کی کسی بھی گروپ یا فرد نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ پشاور سے موصولہ اطلاع کے بموجب ایک سابق قبائیلی رکن سینیٹ لب سڑک ترقی یافتہ دھماکو آلہ سے ہونے والے دھماکے میں شدید زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ غالہ نائی کے علاقہ میں پیش آیا جو مہمند کا ہیڈکوارٹرس ہے۔ سابق رکن سینیٹ ملک عبدالواحد اپنے گھر واپس ہورہے تھے جبکہ دھماکہ آلہ سے ان کی کار اُلٹ گئی۔