چیف منسٹر کے بھروسہ کو قائم رکھنے کا عزم ، جی ایچ ایم سی انتخابات میں اکثریت سے کامیابی کا ادعا
رآباد ۔20 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی گریٹر حیدرآباد کے صدر کی حیثیت سے ایم ہنمنت راؤ کا متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آیا ۔ اس سلسلہ میں آج تلنگانہ بھون میں گریٹر حیدرآباد ٹی آر ایس پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں قائدین کی اکثریت نے ایم ہنمنت راؤ کے نام کی تائید کی جس پر ان کے نام کا متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے ایم ہنمنت راؤ کے نام کی تجویز پیش کی۔ ریاستی وزراء ٹی سرینواس یادو اور پدما راؤ نے تائید کی۔ ریاستی وزیر مہیندر ریڈی کی صدارت میں انتخابی عمل مکمل کیا گیا۔ اتفاق رائے سے انہوں نے ہنمنت راؤ کے انتخاب کا اعلان کیا۔ تنظیمی انتخابات کے اس اہم مرحلہ کی تکمیل میں ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی ، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی ، ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو ، رکن قانون ساز کونسل پی راجیشور ریڈی اور دوسروں نے اہم رول ادا کیا۔ بعد میں ایم ہنمنت راؤ نے گریٹر حیدرآباد ٹی آر ایس کے صدر کی حیثیت سے انتخاب پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے پارٹی قائدین کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے نام کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں پارٹی کے استحکام کے لئے ان پر جو بھروسہ کیا ہے ، اس کی تکمیل کیلئے وہ ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام قائدین سے بہتر تال میل کے ساتھ وہ کام کریں گے اور ہر ایک سال تجاویز حاصل کرتے ہوئے پارٹی کو مستحکم بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کے ایک کارکن کی طرح خدمات انجام دیں گے اور بنیادی سطح پر پارٹی کے استحکام پر توجہ دی جائے گی۔ ہنمنت راؤ نے اعلان کیا کہ گریٹر حیدر آباد کے مجوزہ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گریٹر حیدرآباد کو دنیا کے ترقی یافتہ اور مثالی شہر میں تبدیل کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت کے ان اقدامات کی ہر کسی کو تائید کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے عوام حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ اسی دوران وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے پارٹی قائدین اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ متحدہ طور پر پارٹی کے استحکام کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اور بالخصوص گریٹر حیدر آباد کے حدود میں پارٹی کی رکنیت سازی میں عوام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے بلدی انتخابات میں کامیابی کیلئے ہر کسی کو مساعی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ کے جلسہ عام میں تلنگانہ سے 10 لاکھ افراد شرکت کریں گے۔