حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں قدم رکھنے کے اعلان کے ساتھ نئی دہلی روانہ ہونے والے ٹی آر ایس کے صدر چندر شیکھر راؤ پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری کے بعد 26 فروری کو حیدرآباد واپس ہورہے ہیں۔ ریاست کی تقسیم اور نئی تلنگانہ ریاست کے قیام کیلئے گزشتہ 14 برسوں سے جدوجہد کرنے والے چندر شیکھر راؤ کا حیدرآباد پہنچنے پر شاندار استقبال کیا جائے گا ۔ اس سلسلہ میں ٹی آر ایس کی جانب سے تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ تشکیل تلنگانہ کا سہرا کے سی آر اور ان کی پارٹی کے سر باندھنے کیلئے ہزاروں کی تعداد میں ٹی آر ایس کارکن نہ صرف ان کا استقبال کریں گے بلکہ انہیں جلوس کی شکل میں شہیدان تلنگانہ کی یادگار گن پارک لیجایا جائے گا ۔ پروگرام کے مطابق چندر شیکھر راؤ نئی دہلی سے ریگولر فلائیٹ سے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچیں گے ۔ وہاں سے وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ بیگم پیٹ ایرپورٹ پر لینڈ کریںگے ۔ بیگم پیٹ سے انہیں ایک بڑی ریالی کے ساتھ گن پارک لیجایا جائے گا ۔ یہ ریالی لائف اسٹائل ، سی ایم کیمپ آفس ، خیریت آباد ، شاداں کالج ، رویندر بھارتی سے گن پارک پہنچے گی جہاں شہیدان تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا ۔
خصوصی طور پر تیار کی گئی تلنگانہ رتھ پر کے سی آر سوار ہوں گے۔ ریالی میں تلنگانہ تہذیب کی جھلکیاں بھی پیش کی جائیں گی اور تلنگانہ کے گیت گائے جائیں گے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس پرساد راؤ نے ریالی کی اجازت دیدی ہے۔ ٹی آر ایس کے فلور لیڈر ای راجندر ، ارکان اسمبلی ہریش راؤ اور تارک راما راؤ ریالی کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ بتایا جاتاہے کہ تلنگانہ کے مختلف اضلاع سے بھاری تعداد میں ٹی آر ایس کارکن اس ریالی میں حصہ لیں گے۔ گن پارک پر عوام سے خطاب کے بعد چندر شیکھر راؤ پارٹی ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون پہنچیں گے جہاں پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا ۔ توقع ہے کہ کانگریس سے انتخابی مفاہمت اور آئندہ انتخابی حکمت عملی کی تیاری کیلئے پولیٹ بیورو اور اسٹیٹ کمیٹی کے اجلاس بھی منعقد ہوں گے۔ واضح رہے کہ کے سی آر کی آمد سے قبل بی جے پی اور کانگریس کے تلنگانہ قائدین نے حیدرآباد میں جلوس کا اہتمام کرتے ہوئے تلنگانہ کی تشکیل کا سہرا اپنے سر باندھنے کی کوشش کی ہے۔ ٹی آر ایس اس بات کی کوشش کرے گی کہ دونوں پارٹیوں کی ریالیوں سے زیادہ عوام کے سی آر کی ریالی میں شریک ہوں۔ پارٹی حیدرآباد میں ایک بڑے جلسہ عام کے انعقاد کا بھی منصوبہ رکھتی ہے۔