بوکھلاہٹ سے تنقیدوں پر اتر گئے ، صدر تلنگانہ کانگریس پنالہ لکشمیا کی تنقید
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ انتخابات کو لے کر مایوس اور خوفزدہ ہے ۔ بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر ان پر اور کانگریس پارٹی پر شخصی تنقیدیں کررہے ہیں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ آج گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ کانگریس پر عوام کا دن بہ دن اعتماد بڑھ رہا ہے ۔ کیوں کہ وعدے کے مطابق کانگریس نے تلنگانہ کے 60 سالہ دیرینہ مطالبہ کو حل کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے ۔ صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی کے دورے کے بعد کانگریس کیڈر میں نیا جوش و خروش پیدا ہوا ہے ۔ انہوں نے صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی کی جانب سے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں ٹی آر ایس کا کوئی عمل دخل نہ ہونے کا جو ریمارک کیا ہے ۔ اس کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے کہا کہ سربراہ ٹی آر ایس نے کبھی تلنگانہ کے احتجاج میں حصہ نہیں لیا اور نہ ہی پارلیمنٹ میں تلنگانہ کے مسئلہ پر کبھی بات کی ۔ ایسے قائد کو تلنگانہ ریاست تشکیل دینے میں اہم رول ادا کرنے کا دعویٰ کرنے کا بھی اخلاقی حق نہیں ہے ۔ کیوں کہ تمام جماعتوں کی جانب سے رکاوٹیں پیدا کرنے کے باوجود کانگریس پارٹی علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کے فیصلے پر اٹل رہی ہے ۔ سیما آندھرا میں بھی پارٹی کے نقصان کو برداشت کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے ۔ علاقہ تلنگانہ میں سوائے سونیا گاندھی کی کسی کی مقبولیت نہیں ہے ۔ کانگریس کو اقتدار سونپتے ہوئے تلنگانہ کے عوام کانگریس سے اظہار تشکر کرنا چاہتے ہیں کانگریس کی انتخابی مہم میں فلم اسٹار وجئے شانتی ، جیہ سدھا اور جیہ پردا بھی حصہ لیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی ضلع نظام آباد میں ایک انتخابی جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ جس کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں ۔ کریم نگر میں سونیا گاندھی کا جلسہ جس طرح کامیاب ہوا اس طرح کسی بھی دوسری جماعتوں کا جلسہ عام کامیاب نہیں ہوا ۔۔