بیگم پیٹ ائرپورٹ سے گن پارک تک جلوس کی تیاریاں ۔ کئی مقامات پر ٹریفک تحدیدات
حیدرآباد۔/25فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست میں قدم رکھنے کے عہد کے ساتھ نئی دہلی روانہ ہونے والے ٹی آر ایس کے صدر چندر شیکھر راؤ پارلیمنٹ میں بل کی منظوری کے بعد کل 26فبروری کو حیدرآباد واپس ہورہے ہیں۔ ان کی آمد کے موقع پر پارٹی کی جانب سے شاندار استقبال کی تیاری کی گئی۔ ٹی آر ایس قائدین و کارکنوں کے علاوہ تلنگانہ کیلئے جدوجہد کرنے والی مختلف غیر سیاسی تنظیموں کے قائدین اور کارکن بھی ان کا استقبال کریں گے۔ چندر شیکھر راؤ نئی دہلی سے بذریعہ طیارہ شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پہنچیں گے جہاں سے وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ بیگم پیٹ ایرپورٹ لینڈ کریں گے۔ بیگم پیٹ ایرپورٹ سے گن پارک تک جلوس کی تیاری کی گئی ہے۔
پولیس نے تلنگانہ جشن کے اس جلوس کی اجازت دے دی ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے جلوس کے راستہ پر تحدیدات عائد کی گئی ہیں۔ جلوس بیگم پیٹ سے پنجہ گٹہ، راجیو چوک، نمس ہاسپٹل، خیریت آباد، لکڑی کا پل و رویندرا بھارتی سے ہوتا ہوا گن پارک پہنچے گا جہاں شہیدان تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی و کونسل کے علاوہ سینئر قائدین جلوس میں شامل رہیں گے۔ ٹی آر ایس قائدین نے آج جلوس کے انتظامات کا جائزہ لیا اور مختلف مقامات پر کے سی آر کے استقبال کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے دوپہر 2بجے سے جلوس کے راستہ سے ٹریفک کا رُخ موڑ دیا جائے گا۔ جلوس کے راستہ پر امن و ضبط کی صورتحال کی برقراری کیلئے پولیس نے وسیع تر انتظامات کئے ہیں۔