صدر ٹی آرا یس کی دختر کے کویتا کو تلنگانہ کی واحد خاتون ایم پی کا اعزاز ممکن

چیوڑلہ سے ویشویشور ریڈی ، ملکاجگیری سے بی جے پی امیدوار ملا ریڈی کی کامیابی کی پیش قیاسی
حیدرآباد ۔5 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے صدر چندر شیکھر راؤ کی دختر اور تلنگانہ جاگرتی کی صدر کویتا کو نئی ریاست تلنگانہ میں واحد خاتون رکن پارلیمنٹ کا اعزاز حاصل ہونے جارہا ہے ۔ 16 مئی کو انتخابی نتائج کے بعد وہ لوک سبھا میں تلنگانہ کی نمائندگی کرنے والی واحد خاتون رکن ہوں
گی۔ واضح رہے کہ کویتا حلقہ لوک سبھا نظام آباد سے ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر مقابلہ کر رہی ہیں اور ان کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔ تلنگانہ میں جملہ 17 لوک سبھا نشستیں ہیں اور کئی نشستوں پر خاتون امیدوار موجود ہیں لیکن کامیابی کے امکانات صرف کویتا کے ہیں ، لہذا نئی ریاست میں وہ واحد خاتون رکن پارلیمنٹ کا اعزاز حاصل کریں گی ۔ کویتا نظام آباد کے موجودہ رکن پارلیمنٹ مدھو یاشکی گوڑ کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ بی جے پی کے وائی لکشمی نارائنا اور وائی ایس آر سی پی کے ایس رویندر ریڈی بھی میدان میں ہیں۔ اس حلقہ سے جملہ 16 امیدوار میدان میں ہیں۔ انٹلیجنس اطلاعات کے مطابق سہ رخی مقابلہ میں کویتا بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گی ۔ تلنگانہ کے لوک سبھا ارکان میں پہلی مرتبہ منتخب ہونے والوں میں چیوڑلہ کے ٹی آر ایس امیدوار کونڈہ ویشویشور ریڈی شامل ہوں گے ۔ 2009 ء انتخابات میں مرکزی وزیر جئے پال ریڈی اس حلقہ سے منتخب ہوئے تھے۔ اس مرتبہ ٹی آر ایس نے ممتاز صنعت کار ویشویشور ریڈی کو پارٹی ٹکٹ دیا ہے جو سابق ڈپٹی چیف منسٹر کونڈہ رنگا ریڈی کے پوتے اور جسٹس کونڈہ مادھو ریڈی کے فرزند ہیں۔ کونڈہ رنگا ریڈی کے نام سے ضلع رنگا ریڈی کا نام رکھا گیا ۔ رائے دہی کے بعد مختلف سروے کے مطابق کونڈہ ویشویشور ریڈی کی کامیابی یقینی ہے ۔ ان کا مقابلہ سابق وزیر داخلہ سبیتا اندرا ریڈی کے فرزند کے کارتک ریڈی سے ہے۔ تلنگانہ کے انتخابات میں دو سابق آئی اے ایس اور ایک سابق آئی پی ایس بھی اپنی قسمت آزمارہے ہیں۔ لوک ستہ کے صدر اور سابق آئی اے ایس عہدیدار جئے پرکاش نارائن حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری اور شریمتی چھایہ رتن سابق آئی اے ایس عام آدمی پارٹی کے ٹکٹ پر حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے مقابلہ کر رہی ہیں۔ سابق ڈائرکٹر جنرل پولیس دنیش ریڈی وائی ایس آر کانگریس پارٹی ٹکٹ پر حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری سے قسمت آزما رہے ہیں۔ تاہم ان کی کامیابی کے امکانات موہوم دکھائی دے رہے ہیں۔ انٹلیجنس نے اس حلقہ سے موجودہ رکن اور مرکزی وزیر سروے ستیہ نارائنا کی شکست اور بی جے پی امیدوار ملا ریڈی کی کامیابی کی پیش قیاسی کی ہے۔