صدر نیپال کو پرنب مکرجی کی مبارکباد

نئی دہلی۔29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج نیپال کی پہلی منتخبہ صدر بدھیہ دیوی بھنڈاری کو مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ ان کی رہنمائی میں ہمالیائی جمہوریہ میں امن و استحکام قائم ہوگا اور وہ تمام نیپالی عوام کی توقعات پر پوری اتریں گی۔ بھنڈاری اس ملک کی پہلی خاتون صدر ہیں۔ پرنب مکرجی نے اپنے پیام میں کہا کہ آپ کا انتخاب ایسے وقت ہوا جبکہ نیپال اپنی تاریخ کے نازک موڑ سے گزر رہا ہے۔ تاہم انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ نئی صدر کی رہنمائی میں ملک میں امن استحکام اور ترقی کے ساتھ ساتھ سارے عوام کے احساسات کو ملحوظ رکھا جائے گا۔ پرنب مکرجی نے کہا کہ ہندوستان اپنے پڑوسی ملک نیپال کے ساتھ تمام گوشوں میں قریبی اور مستحکم روابط کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ ایک قریبی دوست اور پڑوسی ہونے کی بناء ہندوستان ہر ممکن مدد کے لئے تیار ہے۔