حیدرآباد 27 جولائی (سیاست نیوز) صدر نشین ویپرو مسٹرعظیم پریم جی نے آج یہاں صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ان کی رہائش گاہ واقع جوبلی ہلز میں ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہیکہ مسٹر عظیم پریم جی نے مسٹر چندرا بابو نائیڈو کے ساتھ اپنی ہوئی ملاقات کے دوران ریاست آندھرا پردیش میںسافٹ ویر انڈسٹری کو توسیع دینے و دیگر اہم امور پر تفصیلی بات کی ۔ اس ملاقات کے دوران وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی مسٹر پی رگھوناتھ ریڈی کے علاوہ مختلف اعلی عہدیداران بھی کثیر تعداد میں موجود تھے ۔ بتایا جاتا ہیکہ مسٹر عظیم پریم جی نے چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو ریاست آندھرا پردیش میں سافٹ ویر ٹیکنالوجی کے فروغ میں اپنے بھر پور تعاون کا تیقن دیا ۔پارٹی ذرائع کے مطابق چیف منسٹر مسٹراین چندرا بابو نائیڈو نے مسٹر عظیم پریم جی سے سافٹ ویر ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے اپنے تعاون کی پیشکش پر اظہار تشکر کیا ۔ قبل ازیں اس موقع پر صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ممتاز صنعتکار و صدر نشین ویپرو مسٹر عظیم پریم جی کو شال اوڑھاکر زبردست تہنیت پیش کی ۔ اور اس توقع کا اظہار کیا کہ آندھرا پردیش ریاست کی ترقی میں مسٹرعظیم پریم جی اپنا اہم رول ادا کریں گے ۔عظیم پریم جی نے آندھراپردیش کے مختلف شہروں میں وپرو صنعتی یونٹس کے قیام کا وعدہ کیا۔ انہوں نے اراضی کی فراہمی کی خواہش بھی کی جس سے چندرا بابو نائیڈو نے فوری طور پر اتفاق کرلیا ۔ عظیم پریم جی اسکولس اور کالجس قائم کرنے کا وعدہ بھی کیا۔