سوامی گوڑ ٹی آر ایس امیدوار اور محمد فاروق حسین کانگریس امیدوار کا ادخال نامزدگی
حیدرآباد یکم جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے صدر نشین کے عہدے کیلئے حکمران ٹی آر ایس کی جانب سے مسٹر سوامی گوڑا اور اصل اپوزیشن کانگرس کی طرف سے مسٹر محمد فاروق حسین نے آج بحیثیت امیداور اپنے اپنے پرچہ نامزد گیاں داخل کردیئے 2 جولائی کو رائے دہی ہوگی، مجلس نے ٹی آر ایس کی تائید کی۔ کانگریس نے تلگودیشم سے رائے طلب کی مزید کانگریس کے 2 ارکان کی ٹی آر ایس کو تائید ملنے کا امکان ہے ۔ واضح رہے کہ 2 جولائی کو 11 بجے کونسل کے صدر نشین کا انتخاب منعقد ہونے والا ہے ۔ آج صبح 10.30 بجے ٹی آر ایس کے امیدوار مسٹر سوامی گوڑ ٹی آر ایس کے وزراء مسٹر این نرسمہا ریڈی مسٹر کے ٹی آر مسٹر ہریش راو کے علاوہ مجلس کے دو ارکان قانون ساز کونسل کے ساتھ مل کر سکریٹری اسمبلی مسٹر راجہ سدارام سے ملاقات کریت ہوئے پرچہ نامزدگی داخل کی جبکہ کانگریس کے امیدوار مسٹر محمد فاروق حسین 12 بجے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا قائد اپوزیشن اسمبلی مسٹر کے جانا ریڈی قائد اپوزیشن کونسل مسٹر ڈی سرینواس ڈپٹی فلور لیڈر کونسل مسٹر محمد علی شبیر کانگریس کے رکن راجیہ سبھا مسٹر ایم اے خان کے علاوہ دوسرے قائدین کے ساتھ پہنچ کر پرچہ نامزدگی داخل کی ۔بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر سوامی گوڑ نے انہیں صدر نشین کونسل کا امیدوار بنانے پر چیف منسٹر و سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راو سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ وہ اب تک ٹی آر ایس کے پلیٹ فارم سے عوامی مسائل کو اٹھاتے ہوئے اس کی یکسوئی کیلئے کام کرتے تھے اب وہ جماعتی وابستگی سے بالا تر ہوکر عوام کی ترقی اور بہبود کیلئے کام کریں گے ۔ انہوں نے ان کی تائید کرنے پر مجلس سے بھی اظہار تشکر کیا ۔مسٹر سوامی گوڑ نے کہا کہ سربراہ ٹی آر ایس کی قربانیوں سے علحدہ تلنگانہ ریاست حاصل ہوا ہے ۔ انہو ںنے جماعتی وابستگی سے بالا تر ہوکر ان کی تائید کرنے کی تمام جماعتوں سے اپیل کی اور کانگریس کو اپنے امیدوار کو دستبردار کراتے ہوئے انتخاب کو بلا مقابلہ بناتے ہوئے کونسل کے احترام کو باقی رکھنے پر زور دیا ۔ کانگریس کے امیدوار مسٹر محمدفاروق حسین نے انہیں صدر نشین کا امیدوار بنانے پر پارٹی صدر مسز سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کیا اور اپنی کامیابی کو یقینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے تمام ارکان ضمیر کی آواز پر ان کی مدد کریں گے جس پارٹی نے انہیں کونسل کارکن بنایا ہے، وہ اسی سے غداری نہیں کریں گے ۔ مسٹر محمد فاروق حسین نے تلگودیشم اور مجلس کے ارکان سے بھی ان کی تائید کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاسی زندگی شفاف ہے وہ پارٹی میں تنظیمی طور پر کئی عہدوں پر فائز رہے اور بحیثیت صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن خدمات انجام دے چکے ہیں وہ (فاروق حسین) اور چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو بچپن کے ساتھی ہیں ایک ہی گاوں میں پیدا ہوئے ایک ہی اسکول اور کالج میں پڑھائی کی دونوں کے ایک ہی سیاسی گرو مدن موہن تھے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کانگریس نے تشکیل دیا ہے لہذا چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو اپنے امیدوار مسٹر سوامی گوڑ کو فوری انتخاب سے دستبردار کرائیں اور انکی کامیابی کیلئے راہ ہموار کریں وہ کونسل کی اہمیت بڑھانے اور سنہرے تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں مکمل تعاون کریں گے ۔