صدر نشین اقلیتی کمیشن کی مسلم قیدیوں سے ملاقات

رمضان کے دوران قیدیوں کو سہولتوں کا جائزہ ، مسائل سے آگاہی
حیدرآباد۔26جون(سیاست نیوز) صدرنشین ریاستی اقلیتی کمیشن عابد رسول خان کی نگرانی میں کمیشن کے ایک وفد نے چنچلگوڑہ اور چیرلہ پلی جیل میں بند مسلم قیدیوں سے ملاقات کی اور قیدیوں کو درپیش مسائل‘ رہائی میں تاخیراور رمضان کے موقع پر قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ کمیشن کی ارکان محترمہ قرات العین ‘ مقبول حسین کے علاوہ دیگر عہدیدارن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ ریاستی اقلیتی کمیشن کی جانب سے اس قسم کا پہلا دورہ چنچلگوڑہ جیل او چرلہ پلی جیل کا کیاگیا جہاں پر کمیشن نے جیلوں میں قید لوگوں سے بل مشافہ ملاقات کرتے ہوئے حقائق سے اگاہی حاصل کی۔کمیشن نے مذکورہ دونوں جیلوں کا تین تین گھنٹے طویل دورہ کیا جہاں پر مدت سے جیل کی صعوبتیں جھیل رہے قیدیوں نے رہائی میں حائل رکاوٹوں کی تفصیلات سے کمیشن کو واقف کروایا۔صدرنشین ریاستی اقلیتی کمیشن جناب عابدر سول خان سے ملاقات کے دوران مذکورہ دونوں جیلوں کے قیدیوں نے رمضان کے موقع پر جائے نماز‘ ٹوپیوں اور تسبیح فراہم کرنے کی گذارش کی اور چرلہ پلی جیل میں اذان اور نماز کے لئے لائوڈ اسپیکر نصب کرنے کا مطالبہ کیاتاکہ قیدیوں کو نماز کے اوقات کا پتہ چل سکے اس کے علاوہ سحری کے وقت جیل حکام کے جانب سے دئے جانے والے دال کھانے کے علاوہ مزید ایک ترکاری یا نان وج سالن بھی فراہم کرنے کی اپیل کی ۔ ریاستی اقلیتی کمیشن نے جائزہ اجلا س میں ریاست کی جیلوں میں محروس اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کی حالت زار کا جائز ہ لینے کی ضرورت پر زوردیا تھا اور آج کمیشن کے ہنگامئی اجلاس میں لئے گئے فیصلے کی بنیاد پر صدرنشین کمیشن جنا ب عابد رسول خان نے چنچلگوڑہ اور چرلہ پلی جیل میں محروس مسلم قیدیوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ کمیشن بہت جلد اپنے دورے کی رپورٹ حکومت کو بھی پیش کریگاتاکہ رمضان سے قبل مذکورہ دونوں جیلوں میں محروس مسلم قیدیوں کی رہائی اور رمضان کے موقع پر مسلم قیدیوں کوسہولتوں کے متعلق ریاستی حکومت موثر اقداما ت اٹھاسکے۔ صدرنشین کمیشن عابد رسول خان نے کہاکہ چنچلگوڑہ میں دوسو او رچرلہ پلی میں تقریباً چار سوکے قریب مسلم قیدی بند ہیں اس کے علاوہ انہوں نے کہاکہ چنچلگوڑ ہ لیڈیز جیل میں بھی دیڑہ سو سے قریب مسلم خواتین قیدہیں ۔ انہوں نے بتایا کے قیدیوں کی نمائندگی پر کمیشن نے مذکورہ دونوں جیلوں کے حکام سے جیل میں محروس قیدیوں کو کمیشن سے رجوع ہونے کے لئے رٹ پٹیشن داخل کرنے کا مواقع فراہم کرنے کی بھی اپیل کی ہے جس پر جیل حکام نے قیدیوں کو حکومت اور متعلقہ محکمہ کے اعلی حکام سے اجازت کے بعد موقع فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا ہے۔