اسلام آباد ۔ 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر مالدیپ عبداللہ یمین عبدالقیوم جاریہ ہفتہ پاکستان کے پہلے سرکاری دورہ پر یہاں پہنچیں گے جہاں دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے جن میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ لڑائی اور تعلیم و صحت کے شعبہ میں باہمی تعاون کو فروغ دینا اہمیت کے حامل ہیں۔ 6 اور7 مئی کو ہونے والا دورہ دراصل وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی دعوت پر کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم کے علاوہ مسٹر قیوم صدر پاکستان ممنون حسین سے بھی ملاقات کریں گے جو ان کے اعزاز میں سرکاری عشائیہ ترتیب دیں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات ہمیشہ خوشگوار رہے ہیں اور پاکستانی شہریوں کی کثیر تعداد بھی تفریح کیلئے مالدیپ جاتی ہے جبکہ مالدیپ سے بھی سیاحوں کے قافلے پاکستان کے مختلف شہروں کا دورہ کرتے ہیں۔