صدر شام کو کیمیائی ہتھیاروں کے خلاف اقوام متحدہ کا انتباہ

واشنگٹن۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ نے صدر شام بشارالاسد کو صوبہ عدلیب میں ’’خونی غسل‘‘ کے خلاف انتباہ دیا ہے۔ اقوام متحدہ نے صدر بشارالاسد کو ہدایت دی ہے کہ وہ تیز رفتاری سے اور مناسب انداز میں کیمیائی ہتھیاروں کا عوام کے خلاف استعمال سے گریز کرے۔ شام کی فوج، شمال مغربی علاقوں کی طرف پیشرفت کررہی ہے اور باغیوں کے آخری مستحکم گڑھ کو سرکاری قبضہ میں لینا چاہتی ہے جبکہ روس کے فضائی حملوں سے کم از کم 9 شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکی سفیر برائے اقوام متحدہ نکی ہیلی نے کہا کہ جمعہ کے دن سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس منعقد ہوگا جس میں شام کے صوبہ عدلیب کی صورتِ حال کا جائزہ لیا جائے گا۔ حکومت ِ ترکی نے کئی مرحلے کے مذاکرات ، حکومت کے حلیف روس کے ساتھ منعقد کئے ہیں جن کا مقصد عدلیب پر روس کے فضائی حملوں کا انسداد ہے۔ اقوام متحدہ کے سفیر برائے شام اسٹیفن ڈی مستورا نے کہا کہ روس اور ترکی نے عدلیب کے مسئلہ کا پرامن حل دریافت کرنے کیلئے کئی مرحلے پر مبنی مذاکرات کئے ہیں۔