اسلام آباد 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر سری لنکا میتھری پالا سری سینا اتوار کو اپنے پہلے سرکاری دورہ پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے مسٹر سینا کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی جسے قبول کرتے ہوئے مسٹر سینا اب 5 تا 7 اپریل پاکستان کا دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق اپنے دورہ کے دوران مسٹر سینا اپنے پاکستانی ہم منصب ممنون حسین سے بھی ملاقات کریںگے جو ان کیلئے سرکاری طور پر ضیافت کا اہتمام کریں گے جبکہ نواز شریف کے ساتھ مسٹر سینا سرکاری مذاکرات میں حصہ لیںگے ۔ دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ مسٹر سینا کے دورہ کے دوران مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف یادداشت مفاہمت پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔ پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر اور دیگر سینئر وزراء بھی مسٹر سینا سے ملاقات کریں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ مختلف شعبوں بشمول دفاع میں پاکستان اور سری لنکا کے قریبی تعلقات ہیں۔