سیئول۔ 31 اکٹوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا کے صدر پارک گیون ہائی نے آج چین کے وزیراعظم لی کیانگ سے ملاقات کی اور تجارتی موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا۔ ایک ایسے وقت جبکہ وزیراعظم جاپان شینزو آبے کے ساتھ تینوں قائدین راست ملاقات کرنے والے ہیں اُس سے ایک دن قبل انھوں نے صدر جنوبی کوریا سے بات چیت کی۔ یہ تینوں قائدین تاریخی اور علاقائی اُمور کی بناء باہمی روابط میں تلخی کو دور کرنے کے مقصد سے یہ ملاقات کرنے والے ہیں۔ سیئول کے صدارتی بلیو ہاؤس میں پارک اور لی نے باہمی آزادانہ تجارت معاہدے کی ختم سال تک توثیق سے اتفاق کیا ۔ اس معاہدے کو جنوبی کوریا کے قانون سازوں کی منظوری درکار ہے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ لی کیانگ اس بات کی بھی کوشش کریں گے کہ صدر جنوبی کوریا پارک سے یہ طمانیت حاصل کریں کہ واشنگٹن اور بیجنگ کے مابین حالیہ تنازعہ کے پس منظر میں وہ غیرجانبدارانہ موقف اختیار کریں گے ۔ واضح رہے کہ جنوبی کوریا امریکہ کا کلیدی حلیف ہے ۔ براعظم ایشیا کی تین بڑی اقتصادی طاقتوں کا یہ چوٹی اجلاس اتوار کو ہوگا۔ اس چوٹی اجلاس میں جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے اور جنوبی کوریا کی صدر پارک گیون ہائی چینی لیڈر کے ساتھ متنازعہ تاریخی اور جغرافیائی معاملات پر گفتگو کریں گے۔ واضح رہے کہ جاپان اور جنوبی کوریا دونوں ہی امریکہ کے اہم حلیف ملک ہیں۔