حیدرآباد 31 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی جنوبی ہند میں اپنی سالانہ 10 دن کی مصروفیت کے بعد آج نئی دہلی کیلئے روانہ ہوگئے ۔ گورنر ای ایس ایل نرسمہن ‘ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ان کے کابینی رفقا کے علاوہ مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ اور سینئر عہدیداروں نے صدر جمہوریہ کو حکیم پیٹ ائر فورس اسٹیشن سے وداع کیا ۔ پرنب مکرجی نے یہاں راشٹرپتی نیلائم میں قیام کیا جو سابقہ نظام کا محل ہے اور جسے 1860 میں تعمیر کیا گیا تھا ۔ یہ 90 ایکڑ اراضی پر محیط ہے ۔ اپنے قیام کے دوران صدر جمہوریہ نے آرمی ڈینٹل کالج کے کانوکیشن میں شرکت کی ‘ انہوں نے تلنگانہ و آندھرا پردیش چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدی تقریب سے خطاب کیا ۔ صدر جمہوریہ نے کرناٹک اور کیرالا میں مختلف پروگراموں میں شرکت کی ۔ انہوں نے تروپتی مندر کا دورہ بھی کیا ۔ کل شام صدر جمہوریہ نے راشٹرپتی نیلائم میں ایٹ ہوم بھی ترتیب دیا تھا ۔