صدر جمہوریہ کی تروپتی مندر میں پوجا

تروپتی۔ یکم جولائی، ( سیاست نیوز) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج تروپتی کے قریب بھگوان وینکٹیشورا مندر میں پوجا کی۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو اور گورنر ای ایس ایل نرسمہن بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مکرجی حیدرآباد سے یہاں پہونچے اور8گھنٹے کی پوجا تقریب میں شرکت کی۔ مندر کے حکام نے صدر جمہوریہ کا استقبال کیا اور روایت کے مطابق انہیں شال پیش کی گئی۔

آندھرا پردیش میں ریلوے کی
ترقی کیلئے اقدام
حیدرآباد۔یکم جولائی، ( سیاست نیوز) حکومت آندھرا پردیش نے ریاست میں ریلوے شعبہ کی ترقی و کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ریلوے شعبہ کے ماہر سابق جنرل منیجر ریلوے کے عہدہ سے سبکدوش مسر پی کے سریواستو کو بحیثیت مشیر ( اُمور برائے ریلوے ) حکومت آندھرا پردیش نے تقرر کیا ہے۔ اس سلسلہ میں آندھرا پردیش حکومت نے باقاعدہ احکامات جاری کئے۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر سریواستو گذشتہ عرصہ کے دوران جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے عہدہ پر فائز تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ جاری کردہ احکامات کی روشنی میں مسٹر سریواستو بحیثیت مشیر حکومت آندھرا پردیش کے عہدہ پر دو سال سال تک فائز رہیں گے اور وہ اس عہدہ پر برقرار رہنے تک ریاست آندھرا پردیش میں ریلوے شعبہ کو مستحکم بنانے اور نئے مقامات تک ریلوے کو وسعت دینے، نئی ریلوے لائن کی نشاندہی کرنے کے تعلق سے نہ صرف حکومت آندھرا پردیش کو مشورے دیں گے بلکہ وزارت ریلوے میں بھی حکومت آندھرا پردیش کی موثر نمائندگی کرتے ہوئے آندھرا پردیش ریاست میں ریلوے شعبہ کی کارکردگی کو مزید مستحکم بنانے اور ترقی دینے میں اپنا اہم رول ادا کریں گے۔