تھمپو 7 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام)پروٹوکول توڑتے ہوئے شاہ بھوٹان اور ملیکہ بھوٹان نے آج صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی کی بھوٹان میں آمد پر ایر پورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ ہندوستانی سربراہ مملکت کا گذشتہ 26 سال میں یہ پہلا دورہ ہے ۔ پرنب مکرجی بذریعہ کار تھمپو پہنچے ۔ سینکڑوں اسکولی طلبہ پورے راستے پر ہندوستانی اور بھوٹانی پرچم لہراکر ان کا استقبال کررہے تھے۔ مکرجی کو روایتی گارڈ آف آنر ، تھاشی چھوئڑ زونگ پر پیش کیا گیا ۔ یہ بدھ مت کی ایک خانقاہ اور قلعہ ہے جو روایتی طور پر حکومت بھوٹان کا پائے تخت سمجھا جاتا ہے ۔ یہ تھمپو کے شمالی سرے پر واقع ہے ۔ گارڈ آف آنر سے پہلے روایتی چپ ڈرل جلوس کا انعقاد بھی کیا گیا ۔ اس جلوس کے میزبان خاص طور پر شاہ بھوٹان تھے کیونکہ سربراہان مملکت کی آمد پر وہیں ان کے میزبان ہوتے ہیں۔ صدر مکرجی اور شاہ بھوٹان جگمے نے باہم مذاکرات کئے۔ مذاکرات کے بعد دونوں نے تصویر کشی کروائی۔ شاہ بھوٹان کے والد جگمے سنگھے وانگچک بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پرنب مکرجی نے وزیر اعظم بھوٹان اور دیگر قائدین سے بھی بات چیت کی۔ تعلیم کے شعبہ میں معاہدہ پر دستخط بھی متوقع ہیں۔ صدر کے ہمراہ ایک اعلی سطحی وفد ہے جس میں وزیر مملکت برائے ریلوے منوج سنہا اور ارکان پارلیمنٹ مختار عباس نقوی ،انیل فیرول ،مہیندر ناتھ پانڈے (تمام بی جے پی) کانگریس کے گورو گگوئی، محکمہ تعلیمات کے سرکاری عہدیدار اور ماہرین تعلیم شامل ہیں۔