چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی شرکت کے لیے دہلی روانگی
حیدرآباد ۔ 21۔ جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ صدارتی عہدہ کے لئے این ڈی اے کے امیدوار رامناتھ کووند کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر موجود رہیں گے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر 23 جون کو رامناتھ کووند کے پرچہ نامزدگی کے ادخال میں شرکت کیلئے نئی دہلی روانہ ہورہے ہیں۔ ٹی آر ایس نے این ڈی اے امیدوار کی تائید کا سب سے پہلے اعلان کیا تھا اور بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی قائدین نے کے سی آر سے خواہش کی کہ وہ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے کے موقع پر موجود رہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹی آر ایس پارلیمنٹری پارٹی کی جانب سے پرچہ نامزدگی کا ایک سیٹ چیف منسٹر داخل کریں گے ۔ پارٹی ارکان پارلیمنٹ جتیندر ریڈی ، ونود کمار ، کیشو راؤ اور بعض وزراء اور ا رکان اسمبلی بھی چیف منسٹر کے ساتھ دہلی روانہ ہوسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ این ڈی اے کی جانب سے رامناتھ کووند کے نام کو قطعیت دینے کے فوری بعد وزیراعظم نے فون پر کے سی آر کو اطلاع دی تھی۔ ٹی آر ایس کا دعویٰ ہے کہ کے سی آر کی تجویز پر وزیراعظم نے دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے شخص کو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے وقت موجود رہتے ہوئے ٹی آر ایس دلت کو صدر جمہوریہ کے عہدہ پر فائز کرنے کا سہرا اپنے سر لینے کی کوشش کرسکتی ہے۔