نئی دہلی 3 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کل یوم اساتذہ کے موقع پر دہلی کے ایک اسکول میں گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبا کی ٹیچر کا رول ادا کرینگے اور انہیں سیاسی تاریخ پر سبق دینگے ۔ سیاست میں داخلہ سے پہلے کالج ٹیچر اور ایک صحافی رہنے والے پرنب مکرجی ڈاکٹر راجیندر پرساد سرودیا ودیالیہ میں گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبا و طالبات کی مشترکہ کلاس لیں گے ۔ صدر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ مسٹر مکرجی طلبا کو سیاسی تاریخ کے واقعات سے واقف کروائیں گے ۔ کہا گیا ہے کہ بعد ازاں صدر جمہوریہ تقریبا 100 طلبا سے خطاب بھی کرینگے ۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے صدر جمہوریہ کے اس رول کا خیال پیش کیا تھا جسے قبول کرکے مسٹر مکرجی نے ایک ٹیچر کا رول نبھانے سے اتفاق کیا ہے ۔
اسکول پرنسپل کو صدارتی میڈل حاصل کرنے جاتے ہوئے لوٹ لیا گیا
نئی دہلی 3 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک اسکول پرنسپل اور ان کے بھائی کو ایک ایکسپریس ٹرین میں اس وقت لوٹ لیا گیا جبکہ وہ یوم اساتذہ کے موقع پر صدارتی میڈل حاصل کرنے جا رہی تھیں۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ متاثرہ اسکول پرنسپل کی 56 سالہ ریکھا سکسینہ کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے ۔ وہ گوالیار میں کیندریا ودیالیہ کی پرنسپل ہیں ۔ وہ اپنے بھائی سریندر سکسینہ کے ساتھ سمتا ایکسپریس کے اے سی کمپارٹمنٹ میں سفر کر رہی تھیں کہ یہ واقعہ پیش آیا ۔ ڈی سی پی ( ریلویز ) دومبیرے ملندن مہادیو نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ رہزن نے دونوں پر کسی کمیکل کا اسپرے کیا جس سے یہ دونوں غنودگی میں چلے گئے ۔ جب وہ دہلی ہپونچے تو انہیں ایک دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ پرنسپل نے بتایا کہ انکے پرس سے 50 ہزار روپئے رقم اور بھائی کی سونے کے پترے والی گھڑی اتارلی گئی ۔ دواخانہ میں مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل اسمرتی ایرانی نے ان سے ملاقات کی ۔