نئی دہلی ۔2نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) جنتادل ( یو) کے قائد کے سی تیاگی نے آج صدرکانگریس سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی کے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے جاریہ ہفتہ ملاقات کے منصوبہ کا خیرمقدم کیا تاکہ صدر جمہوریہ کی توجہ ملک میں بڑھتی ہوئی عدم رواداری کی طرف مبذول کی جائے ۔سی پی آئی قائد ڈی راجا نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ ملک میں عدم رواداری بڑھتی جارہی ہے ۔ صورتحال اتنی بدتر ہوگئی ہے کہ ہر اچھی ذہنیت کے شہری میں کھٹک رہی ہے ۔ کانگریس قائد پی ایل کنجا نے کہا کہ ملک میں پریشانی کا ماحول ہے ۔ سونیا اور راہول گاندھی دیگر سینئر قائدین اور ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ امکان ہے کہ صدر جمہوریہ سے ملاقات کے دوران عدم رواداری کے موضوع پر تبادلہ کریں گے ۔ توقع ہے کہ یہ راشٹریہ پتی بھون تک ایک جلوس بھی نکالیں گے ۔ سونیا گاندھی نے عدم رواداری پر اظہار تشویش کرتے ہوئے انتشار پسند طاقتوں کے خلاف پوری طاقت سے جنگ کا عہد کیا ہے ۔