حیدرآباد 30 ڈسمبر ( این ایس ایس ) پردیش کانگریس کمیٹی کے سابق صدر مسٹر ڈی سرینواس نے آج کہا کہ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کو مسئلہ تلنگانہ کے تعلق سے کچھ بھی بتانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ وہ خود تقسیم ریاست کے عمل سے متعلق ہر چیز سے واقف ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی سرینواس نے کہا کہ سیما آندھرا کے قائدین کو چاہئے کہ وہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے عمل میںرکاوٹیں پیدا نہ کریں لیکن وہ صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم سے رجوع ہوتے ہوئے ان کے کچھ مسائل ہوں تو ان کو اجاگر کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ تلنگانہ علاقہ سے تعلق رکھنے والے عوام کے جذبات کا احترام کیا جائے ۔ تلنگانہ کے عوام 1956 سے جب حیدرآباد ریاست کو آندھرا علاقہ میں ضم کیا گیا تھا مطالبہ کر رہے ہیں کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ تشکیل دی جائے ۔
یہ ادعا کرتے ہوئے حیدرآباد شہر تلنگانہ علاقہ کا اٹوٹ حصہ ہے مسٹر ڈی سرینواس نے کہا کہ حیدرآباد کو مرکزی زیر انتظام علاقہ قرار دینے کا مطالبہ درست نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دستور کے مطابق حیدرآباد میں کوئی بھی قیام کرسکتا ہے جو تلنگانہ ریاست کا دارالحکومت ہوگا ۔ سیما آندھرا قائدین کو تلنگانہ عوام کے جذبات و احساسات کا احترام کرنا چاہئے ۔ ریاستی اسمبلی میں تلنگانہ بل پر مباحث پرسکون انداز میں مکمل کئے جانے چاہئیں اور صدر جمہوریہ نے جو مہلت دی ہے اس کے اندر جواب روانہ کردیا جانا چاہئے ۔ مسٹر ڈی سرینواس نے یاد دہانی کروائی کہ تلنگانہ کے ارکان اسمبلی مباحث میں حصہ لینے تیار ہیں ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ 2014 کے انتخابات تلگوبولنے والی دو ریاستوں میں منعقد ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں کسی کیلئے بھی یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کو روک سکے ۔