نئی دہلی۔یکم فبروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ اور نائب صدر جمہوریہ کے مشاہرہ میں علی الترتیب فی ماہ 5 لاکھ روپئے اور 4 لاکھ روپئے تک اضافہ ہوگا۔ اپنی بجٹ تقریر میں جلیل القدر عہدوں پر فائز شخصیتوں کے مشاہرہ میں اضافہ کا اعلان کرتے ہوئے وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہا کہ صدر جمہوریہ ، نائب صدر جمہوریہ اور گورنروں کے مشاہرہ میں اضافہ پر گزشتہ مرتبہ نظرثانی یکم جنوری 2006 ء کو کی گئی تھی۔ اس طرح صدر جمہوریہ کی تنخواہ 5 لاکھ روپئے، نائب صدر جمہوریہ کی تنخواہ 4 لاکھ روپئے اور گورنروں کی تنخواہ فی ماہ 3.5 لاکھ روپئے ہوگی۔ لوک سبھا میں اس اعلان کے دوران ارکان نے میزیں تھپتھپاتے ہوئے خیرمقدم کیا۔ اب تک صدر کو فی ماہ صرف 1.50 لاکھ روئئے اور نائب صدر جمہوریہ کو 1.25 لاکھ روپئے اور گورنر کو 1.10 لاکھ روپئے تنخواہ دی جاتی تھی۔